آپ کا دل کتنا صحت مند ہے؟ گھر بیٹھے جاننا ممکن

18 فروری 2019
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

10 سے زائد پش اپ کرنے کی اہلیت امراض قلب، ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ کم کرتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہارورڈ ٹی ایچ چن اسکول آف پبلک ہیلتھ کی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ درمیانی عمر کے افراد جو ایک بار میں 40 سے زائد پش اپ لگاسکتے ہیں، ان میں خون کی شریانوں سے جڑے امراض، جیسے ہارٹ اٹیک، فالج اور امراض قلب کا خطرہ 96 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے شواہد ملے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ پش اپ ایسا آسان اور مفت طریقہ کار ہے جس سے کسی بھی وقت خون کی شریانوں سے جڑے امراض کے خطرے کا اندازہ لگانے میں مدد مل سکتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ حیران کن طور پر پش اپ لگانے کی صلاحیت کا امراض قلب، ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے امراض سے منسلک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جسمانی سرگرمی کی اس آسان مشق سے کسی بھی مرد کے حوالے سے امراض قلب کی پیشگوئی کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے کسی اور طبی تحقیقی رپورٹس میں پش اپ کی صلاحیت اور خون کی شریانوں سے جڑے امراض کے درمیان تعلق کا تجزیہ نہیں کیا گیا۔

ان کے بقول اس تحقیق میں ہم نے جسمانی فٹنس کی کارکردگی (پش اپ اور ٹریڈ مل ٹیسٹ) اور دل کے امراض کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا۔

اس تحقیق کے دوران ایک ہزار سے زائد فائرفائٹرز کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ لای گیا جن کی اوسط عمر لگ بھگ 40 سال تھی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ پش اپ کی صلاحیت سے 21 سے 66 سال کی عمر کے مردوں میں امراض قلب کا خطرے کا 10 سالہ تجزیہ کرنا ممکن ہے۔

محققین کے مطابق جو لوگ 11 یا اس سے زائد پش اپ لگاپاتے ہیں، ان میں جان لیوا امراض کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوجاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں