سعودی عرب، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، مشیر تجارت

اپ ڈیٹ 18 فروری 2019
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد پاک سعودی بزنس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد پاک سعودی بزنس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں پاک سعودی بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک-سعودی تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔

مزید پڑھیں: پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بڑی رقم ہے، سعودی ولی عہد

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، پاکستان کی ترقی کے سفر میں شریک ہے۔

کانفرنس سے سعودی وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ نے بھی خطاب کیا
کانفرنس سے سعودی وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ نے بھی خطاب کیا

اس موقع پر سعودی وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات خطے کے لیے اہم ہیں۔

اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دورے میں پاکستان کے ساتھ مختلف مسائل اور چیلنجز پر بات ہوئی، سعودی عرب اور پاکستان درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد کیلئے گولڈ پلیٹڈ گن اور پینسل سے بنے پوٹریٹ کا تحفہ

ان کا کہنا تھا کہ باہمی روابط سے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مخلصانہ تعلقات پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں‘۔

سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ احمد نواز سکھیرا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تجارت کے فروغ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی میں رعایت دینے کی ضرورت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں