’پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے‘

18 فروری 2019
جنرل زبیر کے مطابق پاکستان میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے — فائل فوٹو/ڈان نیوز
جنرل زبیر کے مطابق پاکستان میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے — فائل فوٹو/ڈان نیوز

ٹیکسیلا: چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں اور خطے سے باہر ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے‘۔

یہ بات انہوں نے زیل دار خاندان کی جانب سے منعقد کیے گئے روایتی کینو فیسٹیول میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیے جانے پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

روایتی کینو فیسٹیول میں 60 ممالک کے اسلام آباد میں مقیم غیر ملکی سفیروں، یورپ، مشرق بعید، مشرق وسطیٰ، گلف اور ایشیائی ممالک کے ہائی کمشنرز اور اتاشی موجود تھے۔

جنرل حیات نے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی امن اقدامات میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان نے 26 ممالک میں اقوام متحدہ کے 43 امن مشن میں شرکت کرچکا ہے اور حال ہی میں 6 ہزار پاکستانی سپاہی، جن میں 400 خواتین بھی شامل ہیں، اقوام متحدہ کے امن مشن میں شرکت کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ امن مشن میں 15 فیصد خواتین کی شمولیت کا پاکستانی ہدف مکمل

جنرل زبیر حیات کا کہنا تھا کہ 24 افسران سمیت 157 پاکستانی امن کے رکھوالوں نے اقوام متحدہ کے بینر تلے عالمی و خطے میں امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر پرامن ملک سمجھا جارہا ہے جس کی وجہ سے ملک میں سیاحوں کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے سفارتکاروں کو بتایا کہ پاکستان میں بہترین سیاحوں کے ریزورٹس ہیں، یہاں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ سیاحت کو تیزی سے فروغ مل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے زراعت کے شعبے میں ترقی پر فخر ہے، پاکستان کی تمام اہم فصلوں میں واضح اضافہ ہوا ہے، جس کی مثال گندم کی فصل میں 628 فیصد اضافہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاول اور گنے کی پیداوار میں بھی واضح اضافہ ہوا ہے، پاکستان 5واں بڑا ڈیری مصنوعات پیدا کرنے والا ملک بن گیا ہے اور وہ دودھ اور گوشت کی بر آمدات میں اضافہ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کا 7 پاکستانی فوجیوں کے لیے اعزاز کا اعلان

اس موقع پر ترکمانستان کے سفیر اتاجان موولاموف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور یہاں کی عوام کا مزاج دوستانہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی ترقی و استحکام کی درست سمت کی جانب گامزن ہے اور جیو اسٹریٹجک ایرینا میں ملک کی اہمیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتکار عام طور پر پاکستان میں کام کرنے سے ڈرتے ہیں تاہم یہاں آنے کے بعد ملک کا کلچر، پر امن معاشرہ اور دوستانہ ماحول دیکھ کر اس ملک سے واپس جانا نہیں چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کینو فیسٹیول ملک کی بہترین تصویر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ سفارتکاروں کو پاکستانی کلچر سمجھنے کا بہتر موقع فراہم کرتا ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 18 فروری 2019 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں