’اس جگہ کو نہ بھولو جہاں سے کیریئر کا آغاز کیا‘

18 فروری 2019
بولی وڈ بیبو نے دیسی گرل پر ایک مرتبہ پھر تنقید کردی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
بولی وڈ بیبو نے دیسی گرل پر ایک مرتبہ پھر تنقید کردی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارائیں کرینہ کپور خان اور پریانکا چوپڑا جونس کو ہمیشہ ہی ایک دوسرے کا حریف سمجھا گیا ہے، جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ یہ دونوں ہی ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے چکی ہیں۔

کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑا نے ایک دوسرے کے خلاف مقبول بھارتی شو کافی ود کرن میں بھی بیان بازی کی ہے، تاہم حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس ہی شو پر یہ دونوں اداکارائیں پہلی مرتبہ ایک ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔

کافی ود کرن کے سیزن 6 کی آخری قسط میں پریانکا چوپڑا اور کرینہ کپور خان ایک ساتھ جلوہ گر ہونے جارہی ہیں، جس کا ایک ٹیزر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔

جہاں ان دونوں کے مداحوں کو ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اب ان دونوں کی دشمنی دوستی میں تبدیل ہوچکی ہے وہیں اس ٹیزر کو دیکھ کر کچھ اور ہی محسوس ہوا۔

ٹیزر میں نظر آیا کہ کرینہ کپور خان نے اس شو کے دوران بھی پریانکا چوپڑا جونس پر تنقید کرنے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔

شو کے دوران میزبان کرن جوہر نے پریانکا چوپڑا سے سوال کیا کہ کیا وہ جانتی ہیں اداکار ورن دھون کس کو پسند کرتے ہیں، جس پر پریانکا نے کہا کہ انہیں اس لڑکی کا نام معلوم نہیں۔

اس پر کرینہ کپور نے پریانکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ہولی وڈ چلی گئی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ وہ اپنی جڑوں کو یعنی اس جگہ کو بھول جائیں جہاں سے انہوں نے آغاز کیا۔

مزید پڑھیں: کیا کرینہ اور پریانکا ایک ساتھ کافی ود کرن میں آرہی ہیں؟

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ’کیا مطلب ہے اس بات کا کہ تمہیں یہ نہیں معلوم کہ ورن کس کو پسند کرتا ہے؟ تو اب تم کو صرف ہولی وڈ اداکاروں کے بارے میں معلوم ہوگا؟ ایسا لگ رہا ہے جیسے تم کہہ رہی ہو کون ہے وہ؟ اس جگہ کو نہ بھولو جہاں سے تم نے آغاز کیا‘۔

ورن دھون بہت جلد اپنی قریبی دوست نتاشا دلال نے شادی کرنے والے ہیں اور اس بات کا انکشاف انہوں نے خود کافی ود کرن شو پر ہی کیا تھا۔

یاد رہے کہ پریانکا اور کرینہ کے جھگڑے کا آغاز 2004 میں ہوا تھا جب ایک انٹرویو کے دوران کرینہ کپور خان نے پریانکا چوپڑا کو اداکارہ ماننے سے انکار کردیا تھا۔

اس کے باوجود پریانکا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں کرینہ کی اس بات سے کافی دکھ پہنچا ہے۔

بعدازاں کافی ود کرن سیزن 3 کے دوران کرن جوہر نے کرینہ کپور سے سوال کیا کہ اگر انہیں پریانکا سے کچھ پوچھنا ہو تو وہ کیا پوچھیں گی؟ جس پر کرینہ نے ایک مرتبہ پھر پریانکا کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ’میں یہ پوچھوں گی کہ انہوں نے انگریزی بولنے کا یہ لہجا کہاں سے سیکھا؟‘

جب اس ہی سیزن کے دوران پریانکا سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو پریانکا نے کرینہ کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے یہ لہجا وہیں سے سیکھا ہے جہاں سے کرینہ کے بوائے فرینڈ (سیف علی خان) نے یہ لہجا سیکھا تھا‘۔

یہ دونوں اداکارائیں شاہد کپور کی سابق گرل فرینڈز بھی رہ چکی ہیں اور ان کے درمیان جھگڑوں کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔

تاہم گزرتے سالوں کے ساتھ ان دونوں اداکاراؤں کے درمیان دشمنی ختم ہونے کی خبریں بھی سامنے آئیں، جبکہ دونوں ایک دوسرے کی متعدد پلیٹ فارمز پر تعریفیں کرتی بھی نظر آئیں۔

شو کے دوران کرینہ اور پریانکا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان دونوں کے ساتھیوں سیف علی خان اور نک جونس نے انہیں شادی کی پیشکش یونان میں کی۔

کافی ود کرن کی آخری قسط رواں ماہ 24 تاریخ کو نشر کی جائے گی۔

یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا اور کرینہ کپور ایک ساتھ 2004 کی فلم ’اعتراض‘ اور 2006 کی فلم ’ڈان’ میں کام کرچکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں