بھارت کے امیر ترین شخص کی اپنے بھائی کو جیل سے بچانے میں مدد

19 مارچ 2019
مکیش امبانی ایشیا کے امیر ترین شخص ہیں — فائل فوٹو/اے ایف پی
مکیش امبانی ایشیا کے امیر ترین شخص ہیں — فائل فوٹو/اے ایف پی

بھارت کے امبانی بھائیوں کے جھگڑے میں ایک نیا رخ سامنے آگیا، بڑے اور امیر ترین بھائی اپنے چھوٹے بھائی کے قرض ادا کر ہے ہیں تاکہ وہ جیل سے بچ سکیں۔

مکیش اور انیل امبانی کے درمیان 2002 میں ان کے والد کی وفات کے بعد ان کی قائم کردہ ریلائنس انڈسٹریز کی ملکیت کے لیے جھگڑے سامنے آئے تھے۔

خیال رہے کہ ان کے والد نے مرتے وقت کوئی وصیت نہیں دی تھی۔

بعد ازاں دونوں والدہ نے دونوں بھائیوں میں صلح کرانے میں کردار ادا کیا جس کے بعد دونوں بھائی بھارت کی سب سے قیمتی کمپنی ریلائنس کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے پر راضی ہوئے اور دونوں نے فیصلہ کیا تھا کہ ایک دوسرے کے شعبوں میں مداخلت نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: دنیا کی مہنگی ترین شادی کرنے والے امبانی خاندان کی پرتعیش زندگی

مکیش امبانی اپنے آدھے حصے کو آگے بڑھانے میں کامیاب ہوگئے تاہم انیل امبانی کا حصہ ڈوب گیا۔

بلوم برگ نیوز کے مطابق 61 سالہ مکیش امبانی اس وقت ایشیا کے سب سے امیر ترین شخص ہیں جن کے پاس 54.3 ارب ڈالر کے اثاثے ہیں جبکہ انیل امبانی کے پاس 30 کروڑ ڈالر کے اثاثے ہیں۔

مکیش اور ان کے اہلخانہ ممبئی کے عالیشان 27 منزلہ عمارت میں رہتے ہیں جس کی مالیت 1 ارب ڈالر سے بھی زائد ہے اور اس کا شمار دنیا کے مہنگے ترین گھروں میں ہوتا ہے۔

انیل امبانی کی ریلائنس کمیونکیشن پر 4 ارب ڈالر کا قرضہ ہے جس پر فروری کے مہینے میں کارروائی کا آغاز ہوا تھا۔

ان کے زخم اس وقت مزید گہرے ہوئے جب سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ انیل امبانی ساڑھے 5 کروڑ روپے (77 لاکھ ڈالر) سویڈن کی ایرکسن کمپنی کو ادا نہیں کرسکے تو انہیں جیل جان ہوگا۔

ریلائنس کمیونکیشن نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ ان کا یہ قرضہ ادا کردیا گیا ہے اور قرضہ ادا کرنے میں انیل امبانی کے بڑے بھائی مکیشن امبانی نے مدد کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشا امبانی کی شادی گزشتہ 35 سال میں دنیا کی سب سے مہنگی شادی

59 سالہ انیل امبانی کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے بڑے بھائی مکیش، ان کی اہلیہ نیتا کا اس کڑے وقت میں میرا ساتھ دینے پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں‘۔

بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں اور میرے اہلخانہ ماضی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے رشتے کو آگے بڑھانے پر بہت خوش ہیں‘۔

تاہم مکیش امبانی کا یہ فیصلہ اس خلا کو پورا کرنے کے لیے تھا یا نہیں اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کیونکہ گزشتہ روز جاری ہونے والے بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ انہوں نے ادائیگی تحفے کے طور پر کی یا قرض دیا ہے۔

چند بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ادائیگی دونوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے ختم ہونے کے بدلے میں کیا گیا ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں