سام سنگ کا رواں سال کا دوسرا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 10 اگست یا ستمبر میں متعارف کرایا جائے گا مگر اس بار جنوبی کورین کمپنی کچھ نیا کرنے والی ہے۔

جنوبی کورین سائٹ ای ٹی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال سام سنگ پہلی بار گلیکسی نوٹ 10 کو 2 مختلف ورژن میں متعارف کراسکتی ہے۔

ان میں سے ایک ڈیوائس 6.28 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگی جبکہ دوسرا ماڈل 6.75 انچ ڈسپلے سے لیس ہوگا۔

یہ فونز ایل ٹی ای اور فائیو جی ورژن میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

فروری میں سام سنگ نے پہلی بار ایک ساتھ 4 گلیکسی ایس 10 فونز متعارف کرائے تھے، ایس 10، ایس 10 پلس، ایس 10 ای اور ایس 10 فائیو جی۔

اگر سام سنگ کی جانب سے اس سال 2 گلیکسی نوٹ فون متعارف کرائے جاتے ہیں تو اس سال جنوبی کورین کمپنی 6 فلیگ شپ فونز پیش کردے گی۔

اس سے قبل سامنے آنے والی لیکس کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 میں 4 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دیا جائے گا جیسا گلیکسی ایس 10 فائیو جی میں دیا گیا ہے۔

یعنی گلیکسی نوٹ 10 میں 12 میگا پکسل اسٹینڈرڈ لینس، 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس، 16 میگا پکسل وائیڈ اینگل لینس اور تھری ڈی ڈیپتھ کیمرا دیا جاسکتا ہے۔

گلیکسی نوٹ 10 میں ایس 10 جیسا انفٹنی او ڈسپلے، ہول پنچ ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ اور اسکرین میں نصب فنگرپرنٹ سنسر بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ اس سال گلیکسی نوٹ سیریز کو 9 سال مکمل ہورہے ہیں مگر پھر بھی یہ نوٹ 10 کہلائے گا کیونکہ کمپنی نے نوٹ 6 کی بجائے براہ راست نوٹ 7 متعارف کرادیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں