ہواوے پی 30 اور پی 30 پرو کے ہزاروں فونز 10 سیکنڈ میں فروخت

12 اپريل 2019
ہواوے پی 30 اور پی 30 پرو — فوٹو بشکریہ ہواوے
ہواوے پی 30 اور پی 30 پرو — فوٹو بشکریہ ہواوے

ہواوے نے اپنے نئے فلیگ شپ فونز پی 30 اور پی 30 پرو چین میں پری آرڈر میں فروخت کے لیے پیش کیے تو محض 10 سیکنڈ کے اندر 30 سے 50 ہزار ڈیوائسز فروخت ہوگئیں۔

جی ایس ایم ایرینا کے مطابق ہواوے نے چین میں اپنے فلیگ شپ فونز پری آرڈر میں متعارف کرائے تو پہلی فلیش سیل محض 10 سیکنڈ میں ختم ہوگئی۔

ای کامرس پلیٹ فارم پر دستیاب ہوتے ہی ان دونوں ڈیوائسز پر کمپنی نے 200 ملین یوآن سے زائد دس سیکنڈ کے اندر کمالیے۔

کمپنی کی جانب سے یہ تو نہیں بتایا گیا کہ کونسا فون زیادہ فروخت ہوا مگر آمدنی سے اندازہ ہوتا ہے کہ مجموعی طور پر 30 سے 50 ہزار یونٹ فروخت ہوئے جس کا انحصار ماڈل اور اسٹوریج پر ہے۔

ہیواوے کو امریکی حکومت کی جانب سے مختلف پابندیوں کے باعث عالمی سطح پر کافی دھچکا لگا مگر پھر بھی یہ کمپنی آئندہ چند برسوں میں سام سنگ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی اسمارٹ فون تیار کرنے والی کمپنی بننے کا عزم رکھتی ہے۔

ہواوے پی 30 میں 6.1 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ پی 30 پرو میں 6.47 او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔

پی 30 پرو فوٹوگرافی کے شوق رکھنے والوں کے لیے زبردست ثابت ہونے والا ہے جس کے بیک پر 4 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

اس کا پرائمری کیمرا 40 میگا پکسل سپر سنسنگ سنسر سے لیس ہے جبکہ 20 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا اور 8 میگا پکسل پیری اسکوپ لینس دیا گیا ہے جو کہ 5 ایکس آپٹیکل زوم، 10 ایکس ہائیبرڈ زوم اور 50 ایکس ڈیجیٹل زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے اور چوتھا ٹائم آف فلائٹ کیمرا ہے جو کہ پس منظر کو دھندلا کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کمپنی کے مطابق پی 30 پرو میں کم روشنی میں فوٹوگرافی کی صلاحیت کو پہلے سے بہتر بنایا گیا ہے اور سپر ہائی آئی ایس او گہری تاریکی میں بھی تصاویر لینے میں مدد دیتا ہے، جبکہ کم روشنی میں ویڈیو ریکارڈنگ کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔

یہ دونوں فون واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس ہے جبکہ پاکستان میں پی 30 کی قیمت ایک لاکھ 24 ہزار 999 روپے جبکہ پی 30 پرو ایک لاکھ 74 ہزار 999 روپے میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگا، تاہم ابھی یہ پری آرڈر میں ہی خریدنا ممکن ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں