کھیل میں شاندار کامیابی پر مشتاق احمد کیلئے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2019
پاکستان کے سابق کھلاڑی نے اس ایوارڈ کو وطن کے نام کردیا—فوٹو: ٹوئٹر
پاکستان کے سابق کھلاڑی نے اس ایوارڈ کو وطن کے نام کردیا—فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور مایہ ناز اسپنر مشتاق احمد کو کھیل میں شاندار کامیابی پر ایشین ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

لندن میں منعقدہ ایوارڈز کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں بہترین خدمات انجام دینے والے افراد کو ایوارڈز سے نوازا گیا، جس میں مشتاق احمد بھی شامل تھے۔

مشتاق احمد کو ملنے والے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ان کی 1992 ورلڈ کپ میں کارکردگی، انگلش کاؤنٹی اور 6 سال انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم سے وابستہ رہنے پر دیا گیا۔

ایوارڈ کی اس تقریب میں مشتاق احمد، اپنی اہلیہ کے ساتھ شریک ہوئے اور انہوں نے ایشین ایوارڈ کو پاکستان کے نام کیا۔

اس حوالے سے ایشین ایوارڈز نے بھی ایک ٹوئٹ کی جس میں لکھا کہ اس باصلاحیت کھلاڑی نے اپنے 13 سال پر مشتمل ایک پروفیشنل کیریئر میں عالمی سطح پر مقابلہ کیا۔

ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ مشتاق احمد کو کھیل میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر مبارک دی جاتی ہے۔

قبل ازیں اس ایوارڈ کے لیے نامزدگی پر مشتاق احمد نے ایک ٹوئٹ میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ایشین ایوارڈ وصول کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ میں تمام لوگوں کے پیار، دعاؤں اور غیر مشروط حمایت پر شکر گزار ہوں۔

مایہ ناز اسپنر کی بات کی جائے تو انہوں نے 52 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی جانب سے 185 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ 144 ون ڈے انٹرنیشنل میں 161 وکٹیں بھی اپنے نام کی تھیں۔

اس کے علاوہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں مختلف عہدوں پر رہ چکے ہیں جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں