ویسٹ انڈیز نے سہ فریقی سیریز کیلئے اہم کھلاڑیوں کو باہر کردیا

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2019
سہ فریقی سیریز میں تجربہ کار کھلاڑی شامل نہیں ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سہ فریقی سیریز میں تجربہ کار کھلاڑی شامل نہیں ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ 2019 سے قبل آئرلینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز کے لیے کرس گیل اور آندرے رسل سمیت اہم کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کردیا۔

آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ فلائیڈ ریفر نے کہا کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ ورلڈ کپ میں بھی ایسی ہی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔

جیسن ہولڈر کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں چند تجربہ کار کھلاڑیوں کے علاوہ ناتجربہ کار اور نوجوان کرکٹر شامل ہیں تاہم کپتان کو ڈیرن براوو، شے ہوپ، روسٹن چیز اور شین ڈاوریچ کا تعاون حاصل ہوگا۔

ٹیم میں دسمبر 2017 میں اپنا آخری ایک روزہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی شینن گیبرئیل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے سلیکشن پینل میں قائم مقام کوچ فلائیڈ ریفر، کپتان جیسن ہولڈر اور قائم مقام چیئرمین سلیکٹرز رابرٹ ہائنس شامل ہے۔

ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے درمیان طے شدہ سیریز ورلڈ کپ کے لیے ریہرسل قرار دی جارہی ہے جو 5 مئی سے 17 مئی تک جاری رہے گی جہاں تیسری ٹیم بنگلہ دیش ہوگی۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی کو انگلینڈ میں ہوگا جہاں کنڈیشنز بھی آئرلینڈ سے مطابقت رکھتی ہیں۔

سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

جیسن ہولڈر (کپتان)، جان کیمبل، ڈیرن براوو، شے ہوپ، شیلڈن کوٹریل، شینن گیبرئیل، کیماروچ، سنیل ایمبریس، ریمنڈ ریفر، فیبیان ایلن، ایشلے نرس، روسٹن چیز، شین ڈاوریچ، جوناتھ کارٹر

تبصرے (0) بند ہیں