چینی کمپنی کا وزیر اعظم ہاؤسنگ منصوبے میں دلچسپی کا اظہار

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2019
وزیراعظم سے چینی وفد کی ملاقات کے دوران دیگر وزرا بھی موجود تھے — فوٹو: ریڈیو پاکستان
وزیراعظم سے چینی وفد کی ملاقات کے دوران دیگر وزرا بھی موجود تھے — فوٹو: ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: چائنا سلک روڈ گروپ لمیٹڈ کے چیئرمین ین لی جن نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کے کم قیمت ہاؤسنگ منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، ہاؤسنگ سیکریٹری ڈاکٹر عمران زیب بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کمپنی کی جانب سے پاکستان میں پہلے سے تیارشدہ ہاؤسنگ اسٹرکچر کے لیے ایک پلانٹ قائم کرکے کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے سستا حل پیش کیا گیا۔

مزید پڑھیں: نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں 40 سے زائد کمپنیوں کی دلچسپی

ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ’کاروبار' کو آسان کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں منافع بخش کاروبار کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنے سے متعلق اپنی حکومت کے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔

علاوہ ازیں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے وفد نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ عدالتوں کے ججز کی تعیناتی کے لیے طریقہ کار کو مزید شفاف بنائیں۔

وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کانرانی نے کی جبکہ چاروں صوبوں سے اس کے ایگزیکٹو اراکین بھی شامل تھے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق وفد نے عمران خان سے درخواست کی کہ اہلیت اور شفافیت کی بنیاد پر اعلیٰ عدالتوں کے ججز کا تقرر کیا جائے تاکہ تجربہ کار اور اہل وکلا کو ان اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کا موقع مل سکے۔

ایس سی بی اے کے صدر نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن سمیت ان کی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کی۔

ساتھ ہی وفد کے اراکین نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مضبوط بار ایسوسی ایشن نہ صرف مضبوط عدلیہ کے لیے اہم ہے بلکہ یہ ملک میں جمہوری اداروں اور بہتر گورننس کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وکلا نے ملک کے نظام انصاف کو موثر بنانے اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس دوران ایس سی بی اے کی درخواست پر وزیر اعظم نے بار کے اراکین، خاص طور پر سیئنر وکلا کے لیے صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے وزیرِاعظم ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کا اعلان

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت بار ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ مدد کرے گی، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت بلوچستان کے وکلا کو حقوق کی فراہمی کے لیے تعاون فراہم کرے گی۔

علاوہ ازیں برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین برینڈن لوئس نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

اس دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان یورپ میں برطانیہ کو بڑا ترقیاتی اور تجارتی و سرمایہ کاری کا شراکت دار تصور کرتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں