کثیر المنزلہ عمارت میں بم کی اطلاع، متعدد ممالک کے سفارتخانے خالی کرالیے گئے

16 اپريل 2019
اسپیس ٹاور اسپین کی چوتھی کیژالمنزلہ عمارت ہے جس کی لمبائی 770 فٹ ہے۔
—فوٹو: رائٹرز
اسپیس ٹاور اسپین کی چوتھی کیژالمنزلہ عمارت ہے جس کی لمبائی 770 فٹ ہے۔ —فوٹو: رائٹرز

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں کثیر المنزلہ عمارت میں قائم متعدد ممالک کے سفارتخانوں کو بم کی اطلاع پر خالی کرالیا گیا۔

دی انٹیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ عمارت میں قائم آسٹریلیا کے سفارتخانے کو بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: برسلز: یورپی یونین کے ہیڈکوارٹرز کے قریب بم کی اطلاع

نیشنل پولیس کی ترجمان نے بتایا کہ اسپیس ٹاور نامی بلڈنگ میں بم کی اطلاع بذریعہ فون دی گئی جس کے بعد بلڈنگ کے سیکیورٹی عملے نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام سفارتخانوں کے عملے کو باہر نکل جانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے بتایا کہ ’بلڈنگ میں دیگر نجی کمپنیوں کے دفاتر بھی خالی کرالیے گئے تاہم بم کی اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ عمارت میں برطانوی، کینیڈین اور نیدرلینڈز کے سفارتخانے موجود ہیں۔

برطانوی سفارتخانے کی ترجمان نے بتایا کہ بم کی اطلاع ملنے کے بعد سفارتخانے کا عملہ محفوظ طریقے سے عمارت سے باہر آگیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں قرآن کی تلاوت، وزیرِاعظم کا 'السلامُ علیکم' سے خطاب کا آغاز

آسٹریلوی سفارتخانے نے بم کی اطلاع ملنے اور عمارت سے اپنے عملے کو نکالنے کے بعد تمام سرگرمیاں معطل کردیں۔

اس حوالے سے آسٹریلوی سفارتخانے نے ٹوئٹ کیا کہ ’اگلے نوٹس تک سفارتخانے کی تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی، تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں‘۔

واضح رہے کہ اسپیس ٹاور اسپین کی چوتھی اور یورپ کی 24 ویں کیژالمنزلہ عمارت ہے جس کی لمبائی 770 فٹ اور یہ عمارت57 منزلہ ہے۔

اس سے قبل 19 مارچ کو برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈکوارٹرز سے متصل ایک کمپنی میں بم کی اطلاع ملنے پر عمارت کو عملے سے خالی اور اطراف کی سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند کردی گئی تھی۔

مزیدپڑھیں: لندن: بی بی سی کے دفتر کے باہر بم کی اطلاع، اصل کہانی کیا تھی؟

واشنگٹن پوسٹ میں شائع رپورٹ کے مطابق ’مذکورہ کمپنی یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹرز سے براہ راست تعلق میں ہے جو کہ ہیڈکوارٹرز کے بالکل قریب ہی واقع ہے‘۔

اس حوالے سے پولیس کے ترجمان ایلسے وینڈی کیری نے بتایا تھا کہ ’فون پر ملنے والی بم کی اطلاع کے نتیجے میں عمارت میں موجود 40 افراد کو فوری طور پر نکال لیا گیا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں