’قد آور ہونے کے باعث زرافہ بلایا جاتا رہا‘

17 اپريل 2019
سونم کپور کا شمار بولی وڈ کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
سونم کپور کا شمار بولی وڈ کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ سونم کپور کا شمار بھی ان اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جو اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی کیریئر کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے آواز اٹھاتی آرہی ہیں۔

سونم کپور نہ صرف خواتین کو برابری کے حقوق ملنے کے حوالے سے بات کرتی آئی ہیں، بلکہ باڈی شیمنگ یعنی لوگوں کی ظاہرہ شخصیت کا مذاق بنانے کی عادت کے خلاف بھی وہ کئی انٹرویوز دے چکی ہیں۔

سونم کپور کو حال ہی میں ارباز خان نے اپنے ٹاک شو ’کوئیک ہیل‘ پر دعوت دی، جہاں اداکارہ نے بتایا کہ انہیں سوشل میڈیا پر سب سے برا کیا لگتا ہے اور لوگ کس طرح ان کی ظاہری شخصیت کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑا چکے ہیں۔

سونم کپور کا کہنا تھا کہ ’میری لیے میری فیملی بہت قیمتی ہے، تو اگر کوئی بھی ان کے بارے میں کچھ کہتا ہے تو مجھے بہت افسوس ہوتا ہے، مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کوئی میرے کام کو یا مجھے تنقید کا نشانہ بنائے، میرا خیال ہے کہ سوناکشی سنہا اور انوشکا شرما کی ظاہری شخصیات کو انٹرنیٹ پر متعدد بار تنقید کا نشانہ بنایا گیا، مجھے یہ بالکل پسند نہیں آیا کیوں کہ ایک اداکارہ ہونے کی حیثیت سے لوگ آپ کو دیکھ رہے ہوتے ہیں اور خود اپنی طرف سے اندازے لگاتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: سونم کپور کا ٹوئٹر چھوڑنے سے قبل آخری پیغام

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’ایک وقت تک لوگ مجھے زرافہ بول کر میرا مذاق اڑاتے تھے، کیوں کہ میں بہت پتلی تھی، اس کے بعد میں نے وزن بڑھا لیا اور اس کے اپنے مسائل سامنے آئے‘۔

سونم کے مطابق ’جب آپ وزن بڑھا لیں تو لوگ کہتے ہیں بہت موٹی ہوگئی ہے، کالی ہوگئی ہے، لمبی ہوگئی ہے شادی کون کرے گا‘۔

اداکارہ نے تنقید کرنے والوں اور ظاہری شخصیت کا مذاق بنانے والوں کو پیغام دیا کہ ایسا کرنا صحیح نہیں، اس کا ذہن پر اچھا تاثر نہیں پڑتا، لوگوں کو کئی ذہنی مسائل کا سامنا ہوتا ہے اور ان کے ساتھ ایسا کرنا ٹھیک نہیں۔

کام کے حوالے سے بات کی جائے تو سونم کپور اس وقت اپنی فلم ’دی زویا فیکٹر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں