ایپل کا نئے آئی فونز میں کیمرے زیادہ بہتر بنانے کا فیصلہ

18 اپريل 2019
آئی فون 11 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
آئی فون 11 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

ایپل کے رواں سال متعارف کرائے جانے والے آئی فونز میں سیلفی کیمرے کو بہت زیادہ بہتر کیا جائے گا اور 2 نئے ماڈلز میں 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ دیا جائے گا جس میں ایک سپر وائیڈ لینس سے لیس ہوگا۔

میک ریومرز کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون ایکس ایس میکس اور آئی فون ایکس ایس کے اپ ڈیٹ ورژن 6.5 انچ اور 5.8 انچ کے او ایل ای ڈی اسکرین والے نئے آئی فونز میں 3 بیک کیمرے دیئے جائیں گے جبکہ 6.1 انچ کے ایل سی ڈی ماڈل بھی ڈوئل کیمرے سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔

اسی طرح کم روشنی میں کیمروں کی کارکردگی کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا۔

اور ہاں تینوں نئے آئی فونز میں 7 کی بجائے 12 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے سپر وائیڈ لینس اور فرنٹ کیمرے میں ایک خصوصی بلیک کوٹنگ کی جائے گی تاکہ وہ زیادہ نمایاں نہ ہوں بلکہ لگ بھگ نادیدہ محسوس ہوں تاکہ ڈیزائن آنکھوں کو زیادہ اچھا لگے۔

ایسا سام سنگ کی جانب سے پہلے ہی کچھ فرنٹ کیمروں کے ساتھ کیا گیا ہے تاکہ وہ بیزل میں گم ہوجائیں۔

اب تک نئے آئی فونز کے جو رینڈر سامنے آئے ہیں ان میں بیک کیمرا سیٹ اپ زیادہ خوبصورت نہیں لگ رہا جس کو فائنل ماڈل میں بہتر کیا جائے گا۔

اس سے پہلے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اس سال ایپل کی جانب سے ڈیزائن کے حوالے سے کوئی نمایاں اضافہ نہیں کیا جارہا مگر یہ کمپنی اپنی تاریخ میں پہلی بار 2019 میں 5 نئے آئی فونز ایک ساتھ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

جاپانی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ماکوٹکارا نے ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا کہ آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس اور ایکس آر کے اپ ڈیٹ ماڈلز کے ساتھ ساتھ ایپل کی جانب سے 2 نئے او ایل ای ڈی آئی فونز ماڈلز پر کام کیا جارہا ہے جن میں بیک پر 3 کیمرے دیئے جائیں گے۔

آئی فون ایکس، آئی فون ایکس ایس میکس اور آئی فون ایکس آر کے اپ ڈیٹ ورژن کا ڈیزائن تو گزشتہ سال کا ہوگا مگر ہارڈ وئیر کو بہتر بنایا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں