قومی ٹیم کی ورلڈ کپ سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد وزیر اعظم عمران خان کو قومی ٹیم کی کٹ پیش کر رہے ہیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد وزیر اعظم عمران خان کو قومی ٹیم کی کٹ پیش کر رہے ہیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم اور ٹیم انتظامیہ نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں عمران خان نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اور مینجمنٹ نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی فاتح ٹیم کے کپتان اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

وزیرِ اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کامیابی کے لیے حوصلہ افزائی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان، محمد عامر ڈراپ

ایک گھنٹے سے زائد کی نشست میں وزیرِ اعظم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اراکین کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کیے اور ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے مفید مشورے بھی دیے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں ملک و قوم کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

سرفراز احمد عمران خان کو بلا پیش کر رہے ہیں— فوٹو: بشکریہ پی سی بی
سرفراز احمد عمران خان کو بلا پیش کر رہے ہیں— فوٹو: بشکریہ پی سی بی

عمران خان نے کہا کہ آپ قوم کے سفیر ہیں اور پوری قوم کی نظریں اور توقعات آپ سے وابستہ ہیں لہٰذا اپنی صلاحیتوں، اسپورٹس مین اسپرٹ اور اپنے طرزِ عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چیمپیئن جیت کا بھرپور جذبہ لے کر اورمکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں اور ٹیم اسپرٹ کامیابی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

عمران خان نے 1992 کے ورلڈ کپ کے اپنے تجربات سے ٹیم کو آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہاشم آملا جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب

ان کا کہنا تھا کہ ‏1992 میں ہماری ٹیم بہت کمزور تھی لیکن جذبے نے ہمیں جیت سے ہمکنار کرایا۔

‏وزیر اعظم نے فاسٹ باؤلرحسن علی، جنید خان، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کو انگلینڈ کی کنڈیشنز کے لحاظ سے باؤلنگ ٹپس بھی دیں۔

اس موقع پر انہوں نے خصوصی طور پر ‏ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو فرنٹ سے لیڈ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ‏تم ٹیم لیڈر ہو، اگر تم دلیری سے کھیلو گے تو تمہاری ٹیم بھی دلیر ہوگی۔

ملاقات میں کپتان سرفراز احمد نے وزیر اعظم کو قومی ٹیم کی جرسی اور کھلاڑیوں کے دستخط کا حامل بلا بھی تحفتاً پیش کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 23مئی کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے سفر پر روانہ ہو گی۔

گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نے عالمی کپ کے لیے پاکستان کے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں محمد عامر کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ سرفراز احمد(کپتان)، فخر زمان، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد حفیظ، امام الحق، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے خلاف میچز کے لیے دو اضافی کھلاڑیوں محمد عامر اور محمد آصف کو بھی ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم 5مئی کو انگلینڈ کے خلاف ٹی20 میچ کھیلے گی اور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 8مئی سے ہو گا۔

مزید پڑھیں: مکی آرتھر ورلڈ کپ سے قبل معاہدے میں توسیع کے خواہشمند

ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم 24مئی کو افغانستان کے خلاف وارم میچ سے تیاریوں کو حتمی شکل دے گی جس کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف بھی ایک میچ کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم عالمی کپ میں اپنا پہلا میچ 31مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 3جون کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

7 جون کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کھیلا جائے گا اور پھر 12جون کو پاکستان کو آسٹریلیا کا چیلنج درپیش ہو گا۔

عالمی کپ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کا مقابلہ 16جون کو ہوگا جس کے بعد جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ سے میچ بالترتیب 23 اور 26 جون کو ہوگا۔

ایونٹ میں گرین شرٹس کے سب سے آسان میچز آخر میں ہیں جہاں وہ اپنے آخری دو میچوں میں افغانستان اور بنگلہ دیش سے بالترتیب 29 جون اور 5 جولائی کو مدمقابل ہو گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں