پاکستانی اسٹارٹ اَپ کمپنی عالمی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

13 جون 2019
ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستانی کمپنی کے عملے کو تربیت بھی فراہم کی جائے گی—فوٹو: آزاد ہیلتھ فیس بک
ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستانی کمپنی کے عملے کو تربیت بھی فراہم کی جائے گی—فوٹو: آزاد ہیلتھ فیس بک

صحت سے متعلق کام کرنے والی پاکستانی اسٹارٹ کمپنی ’آزاد ہیلتھ‘ امریکی اور نیدر لینڈ حکومت کے تعاون سے ہونے والے عالمی مقابلے میں ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔

’آزاد ہیلتھ‘ نے امریکی اور نیدرلینڈ کی حکومت کے تعاون سے ہونے والے اسٹارٹ اپ کمپنیوں کے سالانہ عالمی مقابلے میں ایوارڈ حاصل کیا۔

پاکستانی اسٹارٹ اپ کمپنی نے ’دی گلوبل انوویشن تھرو سائنس اینڈ ٹیکنالوی‘ (جی آئی ایس ٹی) کے سالانہ گلوبل انٹرپرینرشپ سمٹ (جی ای ایس) مقابلے میں ایوارڈ حاصل کیا۔

دنیا بھر کی اسٹارٹ اپ کمپنیوں کی ہمت افزائی اور انہیں ایوارڈ دینے کے لیے منعقد ہونے والا یہ سالانہ مقابلہ امریکی اور نیدر لینڈ کی حکومتوں کے تعاون سے ہوتا ہے جب کہ اس میلے میں ایوارڈ جیتنے والی کمپنیوں کو مختلف عالمی اداروں کی جانب سے دی جانے والی رقم کے تحت فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں۔

ایوانکا ٹرمپ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی—فوٹو: جی ای ایس
ایوانکا ٹرمپ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی—فوٹو: جی ای ایس

اس بار اسٹارٹ اپ ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 4 ہزار کمپنیوں نے درخواستیں بھیجیں تھیں، جن میں سے 30 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

ایوارڈ کے لیے چھ شعبوں سے پانچ پانچ کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں سے صرف ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ’اسپیل باؤنڈ‘ کو ایوارڈ دیا گیا۔

’اسپیل باؤنڈ‘ بھی صحت سے متعلق کام کرنے والی نئی امریکی کمپنی ہے۔

اسی ایوارڈ میلے میں سالانہ 2 نئی اسٹارٹ اپ کمپنیوں کو خصوصی ایوارڈز بھی دیے جاتے ہیں اور اس بار 2 خصوصی ایوارڈز جیتنے والی 2 کمپنیوں میں ایک پاکستانی کمپنی بھی شامل ہے۔

اس بار خصوصی ایوارڈز کے لیے نیدرلینڈ کی کمپنی ’سول کوبررا‘ اور پاکستانی کمپنی ’آزاد ہیلتھ‘ کو منتخب کیا گیا۔

آزاد ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ایوارڈ کے لیے نیدرلینڈ کے شہر ہیگ میں ہونے والی تقریب میں شریک ہوئے اور انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، نیدرلینڈ کے شہزادے کونسٹینٹن اور نیدر لینڈ کی وزیر برائے عالمی ترقی سگرگ کاڈ سے ایوارڈ وصول کیا۔

ایوارڈ حاصل کرنے والی کمپنیوں کو 6 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالرز کا فنڈ بھی فراہم کیا گیا، یہ فنڈ گوگل، ایمازون ویب، سلیکون ویلے بینک سمیت دیگر ٹیکنالوجی اداروں نے فراہم کیا تھا۔

’آزاد ہیلتھ‘ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس پر دنیا بھر کے مریض اور ڈاکٹرز ایک دوسرے سے رپورٹس اور ٹیسٹس سمیت تمام میڈیکل ریکارڈ کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔

اس پلیٹ فارم کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں میں بیماریوں سے متعلق شعور پیدا کرنا اور ان افراد کو معاونت فراہم کرنا ہے، جنہیں بعض اوقات علاج کے دوران مشکلات پیش آتی ہیں۔

یہ پلیٹ فارم ابھی ابتدائی دور میں ہے، اس پلیٹ فارم کو تین سال قبل 2016 میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تخلیق کیا گیا تھا اور اب اسے عالمی ایوارڈ ملنے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ پلیٹ فارم لوگوں کی مدد میں فعال کردار ادا کرے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں