گلیکسی نوٹ 10 کے دونوں ماڈلز کی تصاویر سامنے آگئیں

16 جون 2019
گلیکسی نوٹ 10 کے ممکنہ دونوں ماڈلز — فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ
گلیکسی نوٹ 10 کے ممکنہ دونوں ماڈلز — فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ

سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 10 کو دو سے 3 ماہ بعد متعارف کرایا جائے گا مگر اس کے بارے میں لیکس مسلسل سامنے آرہی ہیں۔

پہلی بار سام سنگ گلیکسی نوٹ سیریز کا فون 2 مختلف ماڈلز میں متعارف کرانے والی ہے اور اب دونوں ورژن کی تصاویر لیک ہوکر سامنے آئی ہیں۔

ٹوئٹر اکاﺅنٹ آن لیکس میں پوسٹ ہونے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلیکسی نوٹ 10 نئے ڈیزائن سے لیس ہوگا اور اس وجہ سے نوٹ 9 سے بالکل مختلف نظر آئے گا۔

یہ فون گلیکسی نوٹ 10 پرو (6.75 انچ اسکرین) اور نوٹ 10 (6.3 انچ) کی شکل میں متعارف کرایا جائے گا جن کا ڈیزائن یکساں ہی ہوگا۔

یہ دونوں فونز ایج ٹو ایج ڈسپلے کے قریب تر ہوں گے اور حقیقی معنوں میں بیزل لیس قرار دیئے جاسکتے ہیں۔

دونوں میں فرنٹ کیمرا ہول پنچ ڈیزائن کی شکل میں دیا جارہا ہے جو کہ اسکرین کے درمیان میں ہوگا، گلیکسی ایس 10 میں اس طرح کا سیلفی کیمرا دائیں جانب دیا گیا ہے۔

اسی طرح اس میں ایس 10 کے مقابلے میں نیچے بیزل کو بھی مزید کم کیا جارہا ہے۔

ان لیک تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ گلیکسی نوٹ 10 سے ہیڈفون جیک کو ہٹایا جارہا ہے جبکہ سام سنگ کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ بیکسبی کا بٹن بھی کہیں نظر نہیں آرہا ہے اور ممکنہ طور پر فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب کیا جائے گا۔

اس کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دیا جائے گا خصوصاً نوٹ 10 پرو میں گلیکسی ایس 10 فائیو جی کی طرح تھری ڈی ٹائم آف فلائٹ سنسر بھی نظر آرہا ہے۔

فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ
فوٹو بشکریہ آن لیکس ٹوئٹر اکاؤنٹ

اس سے قبل مختلف لیکس میں یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ گلیکسی نوٹ 10 میں 45 واٹ چارجنگ اسپیڈ دیئے جانے کا امکان ہے جو کہ پہلی بار جنوبی کورین کمپنی کے کسی فون میں دی جائے گی، اس وقت سب سے تیز ہواوے میٹ ایکس فولڈ ایبل فون میں 55 واٹ چارجنگ سپورٹ ہے جبکہ اوپو کی سپر وی او او سی ٹیکنالوجی ہے جو کہ 50 واٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کرتی ہے۔

ہر سال گلیکسی نوٹ سیریز کے فونز بنیادی طور پر گلیکسی ایس سیریز کے فونز کے بڑے ڈسپلے والے ورڑن ہوتے ہیں جس میں ایس پین اسٹائلوس ہی مختلف ہوتا ہے باقی پراسیسر اور کیمرے وغیرہ یکساں ہوتے ہیں، مگر اس سال بڑی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں