انسٹاگرام نے صارفین کے اکاﺅنٹس کو ہیکرز سے بچانے کے لیے نئے فیچرز کی آزمائش شروع کردی ہے۔

انسٹاگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس فوٹو شیئرنگ ایپ میں ایک نیا اکاﺅنٹ ریکوری پراسیس آزمایا جارہا ہے جو کسی ہیک اکاﺅنٹس کو دوبارہ ریکور کرنا آسان بنادے گا، جبکہ ہیکرز کے لیے اکاﺅنٹ کا کنٹرول سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔

اس وقت ہیک اکاﺅنٹ کی بحالی کے لیے سروس کی ای میل کا انتظار کرنا پڑتا ہے یا سپورٹ فارم بھرنا پڑتا ہے مگر نئے طریقہ کار میں صارفین کی مختلف معلومات سے عمل مکمل کیا جائے گا۔

اس طریقہ کار میں صارف کا ای میل ایڈریس یا فون نمبر وغیرہ کا اندراج کیا جائے گا اور پھر انہیں 6 ہندسوں کا کوڈ ملے گا۔

ایسا ہونے کے بعد انسٹاگرام ہیکرز کو ای میل یا فون نمبر کوڈز کی مدد سے مخلتف ڈیوائسز سے اکاﺅنٹ کو ہیک کرنے سے روکے گا۔

کمپنی کے مطابق اگر ہیکر کسی طرح اکاﺅنٹ کا کنٹرول سنبھال لے اور یوزر نیم اور کانٹیکٹ ڈیٹا بھی بدل دے تو بھی صارف اسے دوبارہ ریکور کرسکے گا۔

اس مقصد کے لیے انسٹاگرام میں یوزرنیم کے تحفظ کے لیے بھی اقدام کیا جائے گا اور اسے ایک مخصوص وقت تک بدلنا ممکن نہیں ہوگا، اب چاہے وہ ہیکر بدلنا چاہے یا صارف خود۔

یہ ابھی واضح نہیں کہ یہ فیچر کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا تاہم یوزر نیم کو لاک کرنے کا فیچر اس وقت تمام اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں