اب تک اینڈرائیڈ ڈیوائسز تیار کرنے والی کئی کمپنیاں 5 جی ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ فونز متعارف کراچکی ہیں مگر آئی فون صارفین کو اس کے لیے 2020 تک انتظار کرنا ہوگا۔

ایپل کی فائیو جی دوڑ میں کامیابی کا منصوبہ کوالکوم سے قانونی جنگ کی وجہ سے ناکام ہوگیا مگر اب کوالکوم سے معاملات طے پانے کے بعد ایپل 2020 میں اپنے اولین 5 جی آئی فونز متعارف کرائے گی۔

ایپل سے متعلق مختلف لیکس کرنے والے تجزیہ کار منگ چی کیو کے مطابق ایپل کی جانب سے اگلے سال کم از کم 2 آئی فون ماڈلز فائیو جی سپورٹ کے ساتھ متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

تجزیہ کار کا دعویٰ تھا کہ 2020 میں ایپل کی جانب سے 3 آئی فونز پیش کیے جائیں گے جن میں سے 2 فلیگ شپ 6.7 انچ اور 5.4 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے والے آئی فونز ہوں گے جبکہ ایک کم لاگت والا 6.1 انچ کا آئی فون ہوگا۔

فلیگ شپ آئی فونز میں فائیو جی سپورٹ دیئے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بھی اسی قسم کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔

اس رپورٹ میں ایپل کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ یہ کمپنی فائیو جی آئی فون کم از کم 2020 تک متعارف نہیں کرائے گی۔

اس وقت انٹیل کی جانب سے فائیو جی موڈیم فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے یہ فیصلہ ہوا تھا، اب ایپل اور کوالکوم کے درمیان معاملات طے پاچکے ہیں مگر ایپل 2022 یا 2023 تک خود فائیو جی موڈیمز تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ کوالکوم پر انحصار نہ کرنا پڑے۔

تبصرے (0) بند ہیں