محسن خان کی درخواست منظور، کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے دستبردار

اپ ڈیٹ 23 جون 2019
محسن خان کے مطابق کرکٹ کمیٹی کی سربراہی دینے پر چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں — فائل فوٹو/اے ایف پی
محسن خان کے مطابق کرکٹ کمیٹی کی سربراہی دینے پر چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں — فائل فوٹو/اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں کرکٹ کمیٹی کی سربراہی سے فارغ کر دیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق محسن حسن خان نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی سے ملاقات کے دوران درخواست کی تھی کہ انہیں بحیثیت سربراہ کرکٹ کمیٹی کے عہدے سے فارغ کیا جائے، جسے چیئرمین پی سی بی نے منظور کرلیا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ محسن خان جیسی صلاحیت کے حامل شخص کو جانے دینا ہمیشہ بہت مشکل فیصلہ ہوتا ہے لیکن ہم ان کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’مجھے محسن حسن خان کے ٹیکسٹ میسج کا انتظار ہے‘

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کرکٹ کے لیے محسن خان کی خدمات کے مشکور ہیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

پی سی بی کی پریس ریلیز میں محسن حسن خان کے بیان کو بھی شامل کیا گیا جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ 'میں کرکٹ کمیٹی کی سربراہی دینے پر چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں، میں اپنے ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے بورڈ میں 'مناسب پوزیشن' پر کام کرنے کے لیے بھی دستیاب ہوں۔

پی سی بی کی پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا کہ 'کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے اختتام کے بعد بورڈ کرکٹ ٹیم کی گذشتہ 3 سال کی کارکردگی کا جائزہ لے گا'۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا ورلڈ کپ میں قومی ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار

علاوہ ازیں یہ بھی بتایا گیا کہ پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کی سربراہی کا چارج مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کو دے دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں پی سی بی نے 7 رکنی کرکٹ کمیٹی تشکیل دی تھی اور محسن خان کو اس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

محسن خان کے ساتھ اس کمیٹی میں وسیم اکرم، مصباح الحق، مدثر نذر، ہارون رشید، زاکر خان اور عروج ممتاز کو شامل کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں