شاہ رخ خان نے فلموں سے دوری کیوں اختیار کرلی؟

شاہ رخ خان — فوٹو بشکریہ فلم فیئر
شاہ رخ خان — فوٹو بشکریہ فلم فیئر

بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی آخری فلم 'زیرو' گزشتہ سال کے اختتام پر ریلیز ہوئی اور ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس کے بعد سے انہوں نے کسی فلم کو سائن نہیں کیا۔

اور اب انہوں نے بتایا ہے کہ وہ آخر فلموں سے دور کیوں ہیں۔

پہلے ایسی افواہیں سامنے آئی تھیں کہ وہ راکیش شرما کی سوانح حیات 'سارے جہاں سے اچھا' کو سائن کرنے والے ہیں یا سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایات میں ساحر لدھیانوی کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کریں گے، مگر اب انہوں نے اس افواہوں کی بھی تردید کی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا 'میرے پاس اس وقت کوئی فلم نہیں، میں کسی فلم میں کام نہیں کررہا'۔

ان کا کہنا تھا 'عام طور پر جب آپ کی ایک فلم کی شوٹنگ ختم ہونے والی ہوتی ہے، آپ اگلی فلم پر کام شروع کردیتے ہیں اور میں 3 سے 4 مہینے تک اس میں مصروف رہتا ہوں، مگر اس میں ایسا محسوس نہیں کررہا تھا، میرے دل نے مجھے اس کی اجازت نہیں، مجھے بس لگا کہ بس کچھ وقفہ لوں، کہانیاں سنوں اور زیادہ کتابوں کا مطالعہ کروں'۔

انہوں نے وضاضت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقفہ انہوں نے صرف اپنے لیے نہیں لیا بلکہ وہ اپنے خاندان کو بھی وقت دینا چاہتے تھے۔

شاہ رخ خان کے مطابق 'اگرچہ میرے بڑے بچے کالجوں میں زیرتعلیم ہیں، میری بیٹی کالج جاتی ہے جبکہ بیٹے کا تعلیمی سلسلہ ختم ہونے والا ہے، مگر میں چاہتا تھا کہ میں اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزاروں'۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کب تک فلمی دنیا سے دور رہیں گے۔

تاہم توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ بڑی اسکرین سے زیادہ دور نہیں رہ سکتے اور بہت جلد وہ پھر کسی اور فلم کا حصہ بن جائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں