دبنگ سیریز کی پہلی فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ
دبنگ سیریز کی پہلی فلم 2010 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی آنے والی ایکشن کرائم فلم ’دبنگ تھری‘ کا شائقین کو کافی وقت سے انتظار ہے، کیوں کہ اطلاعات تھیں کہ یہ فلم 2018 تک ریلیز کردی جائے گی۔

تاہم فلم کی ریلیز تو دور کی بات اب تک فلم کا کوئی ٹریلر اور گانا بھی ریلیز نہیں کیا جا سکا، کیوں کہ اس کی شوٹنگ کافی تاخیر کے بعد رواں برس اپریل میں شروع کی گئی تھی۔

دبنگ تھری بنانے کا اعلان تو 2015 میں ہی کردیا گیا تھا اور فلم کے پروڈیوسر ارباز خان کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ وہ ہی سیریز کی تیسری فلم کو بنائیں گے۔

تاہم فلم کی شوٹنگ شروع کرتے کرتے اور فلم کی کاسٹ کو سلیکٹ کرنے میں کافی تاخیر کے بعد رواں برس سے اس کی شوٹنگ شروع کردی گئی۔

دبنگ تھری کے حوالے سے جہاں ابتدائی طور پر خبریں تھیں کہ اس بار فلم میں سوناکشی سنہا کے بجائے مونی راؤ کو کاسٹ کیا جائے گا، تاہم بعد ازاں اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ سوناکشی سنہا ہی فلم میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: دبنگ تھری: چلبل پانڈے کی ’رجو‘ سوناکشی یا مونی راؤ؟

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ مونی راؤ سمیت کوئی دوسرا اداکارہ بھی دبنگ تھری کا حصہ ہوں گی جو یا تو فلم میں مختصر کردار ادا کریں گی تا پھر وہ آئٹم سانگ کرتی دکھائی دیں گی۔

خبریں تھیں کہ مونی راؤ کو سوناکشی کی جگہ کاسٹ کیا جائے گا—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ
خبریں تھیں کہ مونی راؤ کو سوناکشی کی جگہ کاسٹ کیا جائے گا—فوٹو: بولی وڈ ہنگامہ

ساتھ ہی رپورٹس تھیں کہ اس بار فلم کی کہانی پہلی دونوں فلموں سے کچھ مختلف ہوگی اور اس بار ایک کے بجائے 2 مرکزی اداکارائیں کاسٹ کی جائیں گی اور ممکنہ طور پر فلم میں ٹرائی اینگل رومانس کو دکھایا جائے گا۔

یعنی فلم میں دبنگ ہیرو سے سوناکشی سنہا اور ایک اور خاتون محبت کرتی دکھائیں گی۔

تاہم اب سوناکشی سنہا نے اس معاملے پر وضاحت کی ہے اور کہا ہے کہ فلم میں ’چلبل پانڈے‘ اور ’رجو‘ کی محبت کے درمیان اور کوئی خاتون نہیں آئے گی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق اداکارہ نے فلم میں ٹرائی اینگل پیار کو دکھانے سے متعلق چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔

سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ فلم میں ٹرائی اینگل پیار کو نہیں دکھایا جائے گا اور اس بار بھی پہلی دونوں فلموں کی طرح وہ اکیلی ہی سلمان خان سے محبت کرتی دکھائی دیں گی۔

تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اس بار فلم کی کہانی پہلی دونوں فلموں سے کچھ مختلف ہوگی۔

خیال رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم ’دبنگ‘ 2010 اور دوسری فلم ’دبنگ ٹو‘ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی، دونوں میں سلمان خان اور سوناکشی سنہا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

پہلی دونوں فلموں میں سلمان خان بہادر پولیس افسر ’چلبل پانڈے‘ جب کہ سوناکشی سنہا ان کی بیوی ’رجو‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں