جرمنی: مشق کے دوران 2 لڑاکا طیارے آپس میں ٹکرا گئے، ایک پائلٹ ہلاک

اپ ڈیٹ 26 جون 2019
دونوں پائلٹ ٹیکٹیکل ایئر فورس ونگ 73 کا حصہ تھے  — فوٹو بشکریہ: ڈی ڈبلیو
دونوں پائلٹ ٹیکٹیکل ایئر فورس ونگ 73 کا حصہ تھے — فوٹو بشکریہ: ڈی ڈبلیو

جرمنی کے شمال مشرقی علاقے میں 2 لڑاکا طیارے مشقوں کے دوران آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

جرمن نشریاتی ادارے 'ڈوئچے ویلے' کی رپورٹ کے مطابق دونوں جہازوں کے پائلٹ حادثے سے قبل خود کو جہاز سے نکال چکے تھے، تاہم ان میں سے ایک ہی زندہ بچ سکا۔

دونوں پائلٹ ٹیکٹیکل ایئر فورس ونگ 73 کا حصہ تھے جو جنرل ایئر ڈیفنس میں مہارت رکھتی ہے اور جرمنی میں یورو فائٹر ٹائیفون کا چیف ٹریننگ سینٹر بھی ہے۔

حادثہ مقامی وقت کے مطابق دن 2 بجے برلن سے شمال میں 75 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع جھیل میوہٹز کے قریب پیش آیا۔

— فوٹو بشکریہ: ڈی ڈبلیو
— فوٹو بشکریہ: ڈی ڈبلیو

جرمنی کے وزیر دفاع ارسولا وون دیر لین نے حادثے کی تحقیقات کا اعلان کردیا۔

جائے وقوع کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہمیں اپنے جوان کی ہلاکت پر شدید افسوس ہے، ہم اس کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں'۔

واقعے کے عینی شاہدین نے حادثے کے بعد تباہ ہونے والے جہازوں کی ویڈیو بھی بنائی جس میں جائے وقوع سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں