موسم گرما میں متعدد پھل بازاروں میں ملتے ہیں، جن میں سے بیشتر ہی لوگوں کو پسند بھی ہوتے ہیں اور ایسا ہی ایک پھل خوبانی ہے۔

اس مزیدار پھل میں متعدد صحت بخش اجزا پائے جاتے ہیں اور اس سے جسم کو پروٹین، پوٹاشیم، غذائی فائبر، فولیٹ، وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن ای، وٹامن کے اور دیگر متعدد اجزا ملتے ہیں۔

اگر اعتدال میں رہ کر کھایا جائے تو یہ صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند پھل ہے۔

اس پھل کے فوائد درج ذیل ہیں۔

خون کی کمی دور کرے

خوبانی آئرن کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جو کہ انیمیا سے لڑنے میں مدد دیتا ہے، جس سے جسم میں خون کی کمی دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس میں موجود کاپر آئرن کو جذب کرتا ہے، اسی طرح روزانہ چند دانے خشک خوبانی کھانے سے ہیموگلوبن بننے میں مدد ملتی ہے۔

نظام ہاضمہ کے لیے فائدہ مند

اس میں موجود غذائی فائبر آنتوں کے افعال صحت مند بناتا ہے، جس سے قبض کا خطرہ کم ہوتا ہے، اس کے علاوہ فائبر فیٹی ایسڈز کو تیزی سے توڑتا ہے جس سے بھی ہاضمے کے افعال تیز ہوتے ہیں، جبکہ پیٹ پھولنے اور گیس جیسے مسائل سے نجات ملتی ہے۔

ذیابیطس کے علاج میں مددگار

اس میں کیلیوریز اور کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت کم ہوتی ہے جبکہ گلیسمک انڈیکس بھی بہت کم ہے، جو بلڈ شوگر لیول کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتا ہے اور وہ بہت تیزی سے نہیں بڑھتا۔ اس میں موجود فائبر بلڈ شوگر لیول کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ورم سے لڑے

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ خوبانی میں ایک ایسا کیمیکل ہوتا ہے جو جوڑوں کے ورم کی روک تھام میں مدد دیتا ہے، اس کے علاوہ خوبانی میں موجود میگنیشم ورم سے ہونے والی تکلیف کو کم کرتا ہے۔

بینائی بہتر بنائے

خوبانی میں موجود کیروٹین اور دیگر اجزا عمر کے ساتھ بینائی میں آنے والی کمزوری کی روک تھام میں مدد دے سکتا ہے، اس کے علاوہ وٹامن اے بھی اس میں ہوتا ہے جو آنکھوں کی صحت کے لیے اہم جز ہے۔

جگر کو نقصان سے بچائے

مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق خوبانی جگر کو نقصان سے بچانے کے ساتھ ساتھ جگر پر چربی چڑھنے کی علامات میں کمی لاسکتا ہے۔

دل کو تحفظ

اس پھل میں موجود پوٹاشیم بلڈپریشر کی سطح کم کرتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ خوبانی میں موجود فائبر کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتا ہے جس سے بھی امراض قلب سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

جسمانی وزن میں کمی کے لیے مددگار

خوبانی میں موجود فائبر پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتا ہے اور اس سے وزن میں کمی لانے کی کوششوں کو موثر بنانے میں مدد ملتی ہے، اس پھل کو کھانے سے میٹابولزم کی رفتار بھی تیز ہوجاتی ہے جس سے بھی وزن میں کمی لانا آسان ہوجاتا ہے۔

ہڈیاں مضبوط بنائے

خوبانی کیلشیئم سے بھرپور پھل ہے اور یہ جز ہڈیوں کی صحت اور نشوونما کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے، اس کے علاوہ پوٹاشیم بھی اس میں موجود ہے جو کیلشیئم کو جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔

مسلز بنائے

پوٹاشیم میٹابولزم کو بہتر بنانے کے ساتھ ٹشوز کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے، یہ عمل مسلز بنانے کے لیے ضروری ہوتا ہے، اس سوغات سے جسم میں ایسڈ کی سطح کو ریگولیٹ کرنے میں بھی مدد ملتی ہے جو کہ پروٹین کے جذب ہونے کا عمل بہتر کرتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں