علی عظمت کا بائیک پر 22 روز میں یورپ گھومنے کا اعلان

19 جولائ 2019
گلوکار نے سفر آغاز کرنے کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
گلوکار نے سفر آغاز کرنے کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

کیا آپ کو یاد ہے کہ پاکستانی راک اسٹار علی عظمت نے موٹر بائیک چین کا دورہ کیا تھا؟

اور اب علی عظمت اس سے زیادہ بڑا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

گلوکار نے اپنے فیس بک پیج پر اعلان کیا کہ وہ یورپ جارہے ہیں کہاں وہ 12 ہزار کلومیٹر کا راستہ 22 دنوں میں بائیک پر طے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس سفر کا آغاز برطانوی شہر لندن سے ہوگا، جس کے بعد فرانس کی روانگی ہوگی'۔

علی عظمت نے اپنی ویڈیو میں یہ تو نہیں بتایا کہ وہ اس سفر کا آغاز کب کریں گے التبہ یہ بات ضرور سامنے آگئی کہ وہ 2 اگست تک فرانس پہنچنے کا ارادہ کررہے ہیں۔

گلوکار لندن سے سفر کا آغاز کرنے کے بعد فرانس، جرمنی، نوروے، ڈینمارک، سوڈان، چیک اور کئی ممالک کا دورہ کرنے کے بعد واپس لندن آئیں گے۔

اس سفر میں ایسے کئی مواقع بھی آئیں گے جب علی عظمت بائیک سے سفر نہیں کرسکیں گے جیسے برطانیہ سے فرانس جانا، تو اس دوران وہ ٹرین سے سفر کریں گے۔

یاد رہے کہ علی عظمت ماضی میں کراچی سے لاہور اور پورے پاکستان کا موٹر بائیک پر دورہ کرچکے ہیں اور اس بار وہ بین الاقوامی سطح پر یہ تجربہ کرنا چاہتے ہیں۔

راک اسٹار کا ویڈیو میں مزید کہنا تھا کہ 'میرا خواب تھا کہ میں اتنے اچھے موسم میں اس طرح یورپ گھوموں، اس وقت موسم بہت اچھا ہوگا تاہم کچھ شمالی علاقوں میں کافی سردی ہوگی'۔

گلوکار نے اس ٹاسک کو پورا کرنے کے لیے لندن سے دو موٹر سائیکل بھی کرائے پر لی ہیں۔

علی عظمت کے مطابق 'کچھ دن اس دورے کے خاصے مشکل ہوں گے، اوسطً ہم ایک دن میں 400 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے لیکن کچھ دن ایسے بھی ہوں سکتے ہیں جب ہم 900 کلو میٹر کا سفر طے کریں، یہ 12 گھنٹوں کا مسلسل سفر ہوگا جس سے ہم جلد از جلد منزل کی جانب پہنچ سکیں گے'۔

اپنے اس ایڈونچر کے حوالے سے گلوکار نے بتایا کہ 'میں یہ اپنے لیے کررہا ہوں لیکن مجھے یقین ہے میرے مداح بھی مجھے ایسا کرتے دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ میرے اس سفر سے بہت کچھ سیکھ سکیں گے'۔

تبصرے (0) بند ہیں