فضائی حدود کی بندش سے ساڑھے 8 ارب روپے کا نقصان ہوا، وفاقی وزیر

اپ ڈیٹ 19 جولائ 2019
وفاقی وزیر کے مطابق بھارت کو ہم سے دوگنا نقصان ہوا ہے — فائل فوٹو/ رائٹرز
وفاقی وزیر کے مطابق بھارت کو ہم سے دوگنا نقصان ہوا ہے — فائل فوٹو/ رائٹرز

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو بھارتی جارحیت کے بعد فضائی حدود کی بندش سے ساڑھے 8 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ 'یہ ہماری صنعت کا مجموعی سطح پر بڑا نقصان ہے، تاہم اس پابندی سے بھارت کو ہم سے دوگنا نقصان ہوا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس اہم موڑ پر دونوں طرف سے کشیدگی میں کمی کرنے کے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے'۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی

سی اے اے کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا سی اے اے کی تنظیم نو کی تجویز تکنیکی بنیادوں پر ہے جس سے ادارے میں نئی تیزی آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سی اے اے کے ریگولیٹری اور کمرشل/ایئرپورٹ سروسز فنکشن کو علیحدہ کرنے کا مقصد ادارے کی استعداد کو بڑھانے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے سوا کچھ بھی نہیں'، ساتھ ہی یہ واضح کیا گیا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی ڈاﺅن سائزنگ یا رائٹ سائزنگ نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سول ایوی ایشن کی زمین کا تنازع، لاہور کے ماسٹر پلان کی نظرثانی کا عندیہ

انہوں نے برطانوی طیاروں کی پاکستان میں پرواز کی بحالی کو پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی دیگر بین الاقوامی ایئرلائنز پاکستان میں اپنے آپریشنز کے لیے حکومت سے رابطہ کر رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'سی اے اے، پی آئی اے اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کا ہیڈکوارٹر اسلام آباد منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں'۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ 60 فیصد سے زائد ایوی ایشن سے متعلق کام پاکستان کے شمالی علاقے میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں مزید افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں