سام سنگ کی نئی اسمارٹ واچ پیش کردی گئی

07 اگست 2019
سام سنگ کی نئی اسمارٹ واچ — فوٹو بشکریہ سام سنگ
سام سنگ کی نئی اسمارٹ واچ — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ نے اپنی نئی اسمارٹ واچ گلیکسی واچ ایکٹیو 2 متعارف کرا دی ہے۔

یہ اسمارٹ واچ کمپنی کی جانب سے گلیکسی نوٹ 10 کے ایونٹ سے پہلے متعارف کرائی گئی جو بدھ کو پیش کیا جارہا ہے۔

گلیکسی واچ ایکٹیو 2 کو 2 مختلف سائز میں متعارف کرایا گیا تاہم کمپنی نے فی الحال قیمت اور دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

ویسے یہ گھڑی گلیکسی واچ ایکٹیو سے کافی ملتی جلتی ہے تاہم اس میں ایک نیا پاور بٹن اور چند دیگر چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ روٹیٹنگ بیزل کی بجائے ٹچ سینسٹیو بیزل دیا گیا ہے۔

یہ گھڑی 6 مختلف رنگوں اکیوا بلیک، پنک گولڈ، کلاﺅڈ سلور، سلور، بلیک اور گولڈ رنگوں میں دستیاب ہوگی جبکہ اس میں کمپنی کا اپنا ایکسینوس 9110 پراسیسر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اس میں 2 نئے اضافے ایل ٹی ای سپورٹ اور ای سی جی مانیٹر کی شکل میں دیئے گئے ہیں۔

اس کے 40 ملی میٹر ماڈل میں 247 ایم اے ایچ جبکہ 44 ملی میٹر ورژن میں 340 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔

ایل ٹی ای ورژن میں ڈیڑھ جی بی ریم اور 4 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ وائی فائی ماڈل میں 768 ایم بی ریم اور 4 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

یہ اسمارٹ واچ اینڈرائیڈ اور ایپل کے آئی او ایس دونوں آپریٹنگ سسٹم پر چل سکے گی جن کا امتزاج کمپنی کے ون یو آئی ورژن 1.5 آپریٹنگ سسٹم سے کیا گیا ہے۔

یہ سام سنگ کی پہلی گھڑی ہے جس میں بلیوٹوتھ 5.0 سپورٹ دی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں