مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں، یو اے ای

08 اگست 2019
مقبوضہ کشمیر میں کئی روز سے کرفیو نافذ ہے—فائل فوٹو: اے پی
مقبوضہ کشمیر میں کئی روز سے کرفیو نافذ ہے—فائل فوٹو: اے پی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مسئلہ کشمیر کے معاملے کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق یو اے ای کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں اینڈ کمشیر کی صورتحال کو تشویش سے دیکھ رہے ہیں اور اس تنازع کے تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

مزید پڑھیں: پاکستان، سفیر کو واپس بھیجنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے، بھارت کی اپیل

امارتی سرکاری خبررساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا، جس میں وزیرخارجہ ڈاکٹر انور بن محمد قرقاش نے زور دیا کہ 'خطے میں امن، سیکیورٹی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مذاکرات کی ضرورت ہے'۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو پاکستان اور بھارت دونوں کی قیادت کی دانشمندی اور صلاحیت پر یقین ہے کہ وہ ' محاذ آرائی اور تصادم سے دور رہتے ہوئے بات چیت اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے اس کشیدگی کو کم کرسکتے ہیں'۔

یاد رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں اور کشمیر کی آرٹیکل 370 کے تحت حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا تھا جس پر بھارتی صدر راج ناتھ کوند نے دستخط بھی کر دیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی معلومات تک رسائی نہ ہونا تشویشناک ہے، اقوام متحدہ

پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے اہم اجلاس میں بھارت سے دوطرفہ تجارت کو معطل کرنے اور سفارتی تعلقات کو محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

علاوہ ازیں پاکستان کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا جس میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور وادی میں کرفیو کے نفاذ سمیت بھارتی حکومت کے دیگر اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

تبصرے (2) بند ہیں

کاشف حیدر Aug 08, 2019 09:11pm
کوئی درد نہیں سمجھے گا، دنیا کمرشل ہو گئی ہے۔ ہمیں صرف اپنے قوت ِ بازو پر بھروسے اور دفاعی اداروں کے اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
منظر Aug 09, 2019 04:53am
Such bland statement from UAE. Really sad!