نامور ڈیزائنر رضوان بیگ تمغہ امتیاز کے لیے نامزد

رضوان بیگ نے پاکستانی فیشن انڈسٹری کا نام دنیا بھر میں روشن کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
رضوان بیگ نے پاکستانی فیشن انڈسٹری کا نام دنیا بھر میں روشن کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

رواں سال 14 اگست کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 116 پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کو اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی اور خدمات پر پاکستان کا شہری اعزاز دینے کا اعلان کردیا۔

ان میں سے ایک نامور فیشن ڈیزائنر رضوان بیگ بھی ہیں، جنہیں پاکستانی فیشن انڈسٹری میں بہترین کارکردگی دکھانے پر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ تمغہ امتیاز پاکستان میں سِول اور عسکری شخصیات کو عطا کیا جانے والا چوتھا بڑا اعزاز ہے اور یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان اس اعزاز سے منتخب شخصیات کو نوازتے ہیں۔

البتہ رضوان بیگ کے مطابق انہیں تاحال حکومت پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: مہوش حیات کو تمغہ امتیاز سے نواز دیا گیا

ڈان سے بات کرتے ہوئے ڈیزائنر نے بتایا کہ 'مجھے اب تک حکومت پاکستان کی جانب سے کوئی آفیشل خط موصول نہیں ہوا، البتہ میرے نام کا اعلان اس فہرست میں کردیا گیا ہے جو حکومت پاکستان کی جانب سے جاری ہوئی'۔

رضوان بیگ اور منتخب کیے جانے والے دیگر افراد کو اگلے سال 23 مارچ کے موقع پر یہ اعزاز ملے گا۔

سول ایوارڈ حاصل کرنے والی دیگر شخصیات میں مرحوم شاعرہ فہمیدہ ریاض اور صنم ماروی بھی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ گلوکار ساحر علی بگا کو بھی اگلے سال ایوارڈ کی تقریب میں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اعلان کیا گیا کہ اگلے سال صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 4 شخصیات کو ہلال پاکستان، ایک شخص کو ہلال شجاعت، ایک کو ہلال قائد اعظم، تین افراد کو ستارہ پاکستان، 6 کو ستارہ شجاعت، 24 افراد کو ستارہ امتیاز، 26 کو تمغہ حسن کارکرگی، 8 افراد کو ستارہ قائداعظم، 11 کو تمغہ شجاعت، 27 کو تمغہ امتیاز اور ایک شخص کو تمغہ خدمات کا اعزاز دیں گے۔

مکمل فہرست یہاں دیکھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں