خضدار: بی این پی مینگل کے مرکزی رہنما قاتلانہ حملے میں جاں بحق

نواب امان اللہ خان زرکزئی کا قافلہ بلبل علاقے سے نورگامہ کی طرف جارہا تھا، لیویز ذرائع — فوٹو: ٹوئٹر
نواب امان اللہ خان زرکزئی کا قافلہ بلبل علاقے سے نورگامہ کی طرف جارہا تھا، لیویز ذرائع — فوٹو: ٹوئٹر

بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل زہری میں قافلے پر حملے میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے مرکزی رہنما نواب امان اللہ خان زرکزئی 2 ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق نواب امان اللہ خان زرکزئی کے قافلے پر حملہ رات گئے ہوا جس میں بی این پی رہنما اور ان کے دیگر دو ساتھی جاں بحق ہوئے، جن میں ان کا 14 سالہ پوتا مردان زرکزئی بھی شامل ہے۔

ذرائع نے کہا کہ نواب امان اللہ خان زرکزئی کا قافلہ بلبل علاقے سے نورگامہ کی طرف جارہا تھا کہ بلبل سے تھوڑے فاصلے پر کریش پلانٹ کے قریب انہیں نشانہ بنایا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی و دیگر انتظامی افسران لیویز فورس کے ہمراہ تحصیل زہری روانہ ہوگئے۔

لیویز اور دیگر سیکیورٹی فورسز اہلکار علاقے میں کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واقعے کے بعد بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'آج پارٹی اور بلوچستان کے عوام کے لیے ایک اور تاریک دن ہے اور میرے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ یقین مشکل ہے کہ امان اللہ زرکزئی کو ان کے ساتھیوں اور معصوم پوتے سمیت رات گئے بے دردی سے قتل کردیا گیا۔'

تبصرے (0) بند ہیں