اگر تو آپ موبائل فون پر ہی انٹرنیٹ استعمال کرنے کے عادی ہیں تو جنوبی کوریا اور آسٹریلیا وہ ممالک ہیں جہاں آن لائن ڈاﺅن لوڈنگ رفتار آپ کو بہت زیادہ پسند آئے گی۔

دنیا بھر میں انٹرنیٹ اسپیڈ کی میپنگ کرنے والے ادارے اوکلا (Ookla) نے دنیا میں موبائل اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ اسپیڈ کی فہرست جاری کی ہے۔

جنوبی کوریا موبائل انٹرنیٹ کی فہرست میں 97.44 ایم بی پی ایس کی اوسط ڈاﺅن لوڈ اسپیڈ کے ساتھ سرفہرست ہے۔

اس معاملے میں دوسرے نمبر پر آسٹریلیا ہے جہاں کی اوسط رفتار 63.34 ایم بی پی ایس ہے۔

اس کے بعد قطر 61.72 ایم بی پی ایس کے ساتھ تیسرے، متحدہ عرب امارات 61.24 ایم بی پی ایس کے ساتھ چوتھے اور ناروے 60.90 ایم بی پی ایس کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔

پاکستان 144 ممالک کی اس فہرست میں 116 ویں نمبر پر ہے جہاں موبائل انٹرنیٹ ڈاﺅن لوڈنگ کی اوسط رفتار 13.55 ایم بی پی ایس ہے۔

پاکستان اس معاملے میں الجزائر، انڈونیشیا، بنگلہ دیش اور بھارت سے آگے ہے بلکہ بھارت اس فہرست میں 130 ویں نمبر پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2 برس میں دنیا بھر میں موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ 21.4 فیصد سے بڑھ کر 22.81 سے 27.69 ایم بی پی ایس تک بڑھ گئی۔

تاہم جہاں تک براڈ بینڈ انٹرنی ٹاسپیڈ کی بات ہے تو اس معاملے میں سنگاپور 191.93 ایم بی پی ایس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جنوبی کوریا 156.18 ایم بی پی ایس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

177 ممالک کی اس فہرست میں پاکستان 156 ویں نمبر پر موجود ہے جہاں یہ رفتار 9.02 ایم بی پی ایس ہے جبکہ بھارت 30/74 ایم بی پی ایس کے ساتھ 70 ویں نمبر پر ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Hasan Sep 09, 2019 07:14am
اتنی زیادہ اسپیڈ سے کیا فائدہ! 10 mbps اسپیڈ کافی ہے