موبائل صارفین کو ریلیف دینے کیلئے ایف بی آر کا ٹیکسز میں کمی کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2019
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس کے وصولی میں کمی واقع نہیں ہوگی — فائل فوٹو: اے ایف پی
ایف بی آر کے مطابق ٹیکس کے وصولی میں کمی واقع نہیں ہوگی — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں موبائل صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے درآمد شدہ موبائل فونز پر ریگولیٹر ڈیوٹی میں 50 فیصد تک کمی کی تجویز پیش کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس کمی کا مقصد ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

ایف بی آر کا ماننا ہے کہ اس کمی کی وجہ سے ٹیکس کے وصولی میں کمی واقع نہیں ہوگی جبکہ اس کی مدد سے درآمدات میں اضافہ ہوگا۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی جانب سے جاری ہونے والی سمری کے مطابق ٹیکس میں کمی سے پاکستان میں موبائل فون کے حجم میں اضافہ ہوا لیکن اس کی وجہ سے مجموعی طور پر پیدا ہونے والے منفی اثرات بھی ختم ہوجائیں گے۔

مزید دیکھیں: استعمال شدہ موبائل فونز کی خریدوفروخت ٹیکس ادائیگی سے مشروط

خیال رہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں موبائل فون کے ٹیکسز اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

جن موبائل فونز پر ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا گیا، ان میں وہ موبائل سیٹ شامل ہیں، جن کی قدر ایک سو سے 2 سو ڈالر تک ہے۔

کراچی کے ایک تاجر نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر ڈان کو بتایا کہ اس تجویز کے عمل میں آنے کے بعد مقامی مارکیٹ میں موبائل فون کی قیمتوں میں کمی آئے گی تاہم اس سے مقامی سطح پر تیار کردہ موبائل فونز کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے ساتھ مل کر پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کے لیے ایک پالیسی تشکیل دے رہے ہیں جو حتمی مراحل میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل فونز کے بارے میں 8 حیران کن حقائق

موبائل فونز کی صنعت اب چین سے باہر جارہی ہے اور وہ دیگر ممالک کو بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے متوجہ کر رہی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ موبائل فون پر ڈیوٹیز میں کمی کی طرح درآمد ہونے والے استعمال شدہ کپڑوں سے متعلق بھی سمری مرتب کی جائے گی کیونکہ یہ کپڑے زیادہ تر غریب افراد استعمال کرتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

DUR MUHAMMAD Sep 15, 2019 08:07pm
its a good sign,shabbar zaidi is right with less % of taxes more people happily pay taxes..so more tax money collection