پی ٹی آئی کا آصف علی زرداری، نوازشریف کے امریکی دوروں کے اخراجات کا تقابل

15 ستمبر 2019
سیف اللہ کے مطابق  آصف علی زرداری نے 2009 میں واشنگٹن کے  دورے پر 7 لاکھ 52 ہزار ڈالر خرچ کیے
—فائل فوٹو: ڈان نیوز
سیف اللہ کے مطابق آصف علی زرداری نے 2009 میں واشنگٹن کے دورے پر 7 لاکھ 52 ہزار ڈالر خرچ کیے —فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے تین سیاسی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے قائدین کی جانب سے امریکی دورے پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹر شائع کرتے ہوئے مخالف سیاسی جماعتوں کے قائدین پر الزام لگایا کہ ’آصف علی زرداری اور نواز شریف کی حکومتیں ایک جانب قوم کی پشت پر قرضوں کا بوجھ بڑھ رہی تھیں تو دوسری جانب نہایت بے شرمی سے ٹیکس گزاروں کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر لٹا رہی تھیں‘۔

ساتھ ہی انہوں نے ایک پوسٹر شیئر کیا جس پر واشنگٹن دوروں سے متعلق اخراجات کا موازنہ تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آصف علی زرداری کے 2009 میں واشنگٹن کے دورے پر قومی خزانے سے 7 لاکھ 52 ہزار 688 ڈالر خرچ کیےگئے۔

سیف اللہ خان نیازی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے متعلق دعویٰ کیا کہ انہوں کے 2013 میں واشنگٹن کے دورے پر 5 لاکھ 49 ہزار 859 ڈالر اخراجات آئے۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بطور وزیراعظم 2019 میں واشنگٹن کا دورہ کیا جس پر صرف 67 ہزار 180 ڈالر قومی خزانے سے خرچ ہوئے۔

تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر نے آصف علی زداری، نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور عمران خان کی جانب سے امریکی شہر نیویارک کے دوروں سے متعلق اخراجات کا تقابل بھی پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے 2012 میں نیویارک کے سرکاری دورے پر 13 لاکھ 9 ہزار 620 ڈالر قومی خزانے سے خرچ کیےگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے دونوں رہنماؤں نواز شریف نے 2016 اور شاہد خاقان عباسی نے 2017 میں نیویارک کے دورے پر بالتریب 11 لاکھ 113 ہزار 142 ڈالر اور 7 لاکھ 5 ہزار 19 ڈالر خرچ کیے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے رواں برس نیویارک کے دورے پراندازاً 1 لاکھ 62 ہزار 578 ڈالر خرچ ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں