ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر جنوری 2020 میں مستعفی ہو جائیں گے

17 ستمبر 2019
ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکے ہیتو نکاؤ تقریباً 7سال تک عہدے پر کام کرنے کے بعد مستعفی ہوں گے— فوٹو بشکریہ اے ڈی بی
ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکے ہیتو نکاؤ تقریباً 7سال تک عہدے پر کام کرنے کے بعد مستعفی ہوں گے— فوٹو بشکریہ اے ڈی بی

ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) کے صدر تاکے ہیتو نکاؤ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے اور جنوری 2020 میں وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تاکے ہیتو 28اپریل 2013 کو صدر بنے تھے اور نئے صدر کا انتخاب شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار پر ہو گا۔

تاکے ہیتو نکاؤ نے اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ میں مکمل اطمینان کے ساتھ اپنے استعفے کا اعلان کرتا ہوں، اسٹاف، بورڈ اراکین اور حکومتی اراکین کی مدد کی بدولت اس دوران ہم نے بہت کچھ حاصل کیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے موجودہ صدر کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تاکے ہیتو نے فنڈنگ ایجنسی کے آپریشنز کو وسعت دیتے ہوئے 13ارب ڈالر سے 2018 میں اسے 18ارب ڈالر تک پہنچا دیا اور اس دوران منصوبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ تاکے ہیتو نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک ملکوں کے درمیان باہمی تعاون اور دوستی کا مرکز بنا رہے جس سے فنڈنگ ایجنسی کے کام میں نمایاں بہتری آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں