کیا صبا قمر اور ماہرہ خان ایک دوسرے کی حریف ہیں؟

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2019
صبا قمر کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان ان کی دوست نہیں — فوٹو/ اسکرین شاٹ
صبا قمر کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان ان کی دوست نہیں — فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کی نامور اداکار صبا قمر کا شمار اپنے وقت کی بہترین فنکاراؤں میں کیا جاتا ہے، وہ ایک کے بعد ایک کامیاب پروجیکٹ کا حصہ بنتی آرہی ہیں لیکن ایک اداکارہ ہیں جنہیں ہمیشہ صبا قمر کے مدمقابل سمجھا جاتا ہے اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ ماہرہ خان ہیں۔

میڈیا میں ہمیشہ ان دونوں کو حریف کے طور پر پیش کیا گیا جبکہ ان کے کیریئر کا مقابلہ بھی ہوتا آرہا ہے۔

البتہ دونوں اداکارائیں نہ تو کبھی کسی پروجیکٹ میں ساتھ نظر آئیں اور نہ ہی ان دونوں نے ایک دوسرے کے حوالے سے کبھی کوئی بات کی۔

مزید پڑھیں: فواد خان، صبا قمر اور ماہرہ خان سے خوفزدہ

تاہم اب صبا قمر نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ماہرہ خان، اپنی دوستی اور تعلق پر کھل کر بات کی۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان نے چند سال قبل ایک ایوارڈ شو میں پرفارم کرتے ہوئے ان اداکاراؤں پر طنز کیا تھا جنہوں نے ماہرہ خان کے حوالے سے کہا تھا کہ انہیں اداکاری نہیں آتی، اس پر ماہرہ نے کہا تھا کہ 'کچھ اداکاراؤں نے کہا کہ مجھے ایکٹنگ نہیں آتی، کیا آپ کی فلمیں بھی 100 کروڑ کماتی ہیں؟'

اس موقع پر ماہرہ خان اپنی بولی وڈ فلم 'رئیس' کا حوالے دے رہی تھی جس نے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا، اس فلم میں وہ شاہ رخ خان کے ہمراہ نظر آئیں تھی۔

ماہرہ کی اس پرفارمنس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بات سامنے آئی کہ ماہرہ اس موقع پر صبا قمر پر تنقید کررہی ہیں تاہم اس دوران صبا قمر نے خاموشی اختیار کی۔

کچھ عرصے بعد جب صبا قمر کی بولی وڈ فلم 'ہندی میڈیم' دنیا بھر میں کامیاب ہوئی اور ماہرہ کی فلم 'رئیس' سے آگے نکل گئی تو اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے ماہرہ کے پرفارمنس کے دوران پوچھے گئے سوال کا جواب دیا۔

اس حوالے سے جب صبا قمر سے انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ کیا وہ ماہرہ خان کو اپنا حریف سمجھتی ہیں؟ تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ماہرہ خان کی دوست نہیں لیکن انہیں اپنا حریف بھی نہیں سمجھتی۔

صبا قمر نے ماہرہ خان کے حوالے سے کہا کہ وہ اور ماہرہ کبھی بہت زیادہ ایک دوسرے سے ملی نہیں، اس لیے وہ زیادہ ان کے بارے میں نہیں جانتی۔

اپنی پوسٹ کے حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے بس پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیا تھا۔

رئیس میں ماہرہ نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا
رئیس میں ماہرہ نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا

اس دوران صبا قمر نے ماہرہ خان کے ساتھ ایک پروجیکٹ میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ انہیں ماہرہ کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں البتہ ماہرہ سے پوچھنا ضروری ہے۔

صبا قمر نے انٹرویو کے دوران بولی وڈ میں کامیاب ہونے والی اپنی فلم 'ہندی میڈین' کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ وہ خوش ہیں کہ ان کی فلم اس حد تک کامیاب ہوئی کہ اس کے سیکوئل میں ان کی جگہ کرینہ کپور خان جیسی بڑی اداکارہ کو کاسٹ کیا گیا ہے۔

ہندی میڈیم میں صبا قمر عرفان خان کے ہمراہ نظر آئیں
ہندی میڈیم میں صبا قمر عرفان خان کے ہمراہ نظر آئیں

انٹرویو کے دوران میزبان نے سوال کہ بولی وڈ میں کام کرنے والے تمام پاکستانی فنکاروں جیسے فواد خان، ماہرہ خان اور حمیمہ ملک نے پاکستان واپس آنے کے بعد کم پروجیکٹس سائن کیے اور صرف فلموں میں کام کرنے کو ترجیح دی جبکہ صبا نے بولی وڈ سے آنے کے بعد ڈراموں میں بھی کام کیا، اس کی وجہ کیا ہے؟

تو اس پر صبا قمر نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس کی واحد وجہ یہ ہے کہ وہ عقلمند ہیں۔

صبا قمر کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے ابھی پاکستانی فلم انڈسٹری کو مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے، البتہ ہماری ڈراما انڈسٹری کسی سے پیچھے نہیں، اس لیے ڈراموں میں کام کرنے کو ترجیح دی۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک فلم سائن کرلی ہے، جس کی کہانی انہیں بے حد پسند آئی، البتہ انہوں نے انٹرویو میں تو اس فلم کا نام نہیں بتایا تاہم اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ وہ سرمد کھوسٹ کی فلم 'کملی' میں کام کرتی نظر آئیں گی۔

خیال رہے کہ چند سال قبل اداکارہ کا نام حمزہ علی عباسی کے ساتھ بھی جوڑا گیا اور انٹرنیٹ پر ایسی افواہیں بھی سامنے آئیں تھی کہ حمزہ علی عباسی اور صبا قمر ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران جب صبا قمر سے حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور خان کی شادی کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ حمزہ ان کے اچھے دوست ہیں اور انہوں نے اپنی شادی میں بلاوا بھی دیا تھا لیکن کچھ پروجیکٹس میں مصروفیت کے باعث وہ ان کی شادی کا حصہ نہیں بن سکیں۔

2018 میں صبا قمر کی ایک تصویر اداکار ارسلان فیصل کے ہمراہ بھی سامنے آئی تھی جس کے بعد یہ خبریں بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں کہ یہ دونوں اداکار شادی کرنے جارہے ہیں۔

اس حوالے سے صبا قمر نے کہا کہ وہ ارسلان فیصل کو اپنا بھائی سمھجتی ہیں اور وہ بھی ان کی بےحد عزت کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر سامنے آئی ایسی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں سامنے آئی پاکستانی فلموں 'پرے ہٹ لو' اور 'سپر اسٹار' کے حوالے سے کہا کہ انہیں پرے ہٹ لو پسند آئی البتہ ماہرہ خان کی سپر اسٹار، انہوں نے اب تک نہیں دیکھی، البتہ وہ جلد سپر اسٹار دیکھنے سینما گھر جائیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

nadia Anil Sep 18, 2019 12:55pm
Saba is far more better actress then Mahira.