سام سنگ کا سب سے طاقتور بیٹری والا فون متعارف

18 ستمبر 2019
گلیکسی ایم 30 ایس — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
گلیکسی ایم 30 ایس — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

سام سنگ نے اپنا سب سے طاقتور بیٹری والا فون ایم 30 ایس متعارف کرا دیا ہے۔

گلیکسی ایم سیریز کو سام سنگ کی جانب سے گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا اور اس ماڈل ایم 30 ایس کو اپ ڈیٹ کرکے پیش کیا گیا ہے جس میں کیمرا سسٹم، کارکردگی اور بیٹری کو بہتر بنایا گیا ہے۔

درحقیقت یہ سام سنگ کا ایسا فون ہے جس میں 6000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جو گزشتہ سال کے ایم 30 سے 20 فیصد زیادہ بڑی ہے۔

سام سنگ کے مطابق اس بیٹری پر صارف 29 گھنٹے تک لگاتار ویڈیوز دیکھ سکے گا جبکہ 130 گھنٹوں کا آڈیو پلے بیک ٹائم دیا گیا ہے، جبکہ بیٹری چارجنگ کے لیے 15 واٹ چارجر دیا گیا ہے۔

بیٹری سے ہٹ کر اس میں کمپنی نے اپنا تیار کردہ ایکسینوس 9611 پراسیسر دیا ہے جبکہ 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں اور ایس ڈی کارڈ سے اسٹوریج کو 512 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

یہ 6,4 انچ کے سپر امولیڈ ڈسپلے والا فون ہے جس میں انفٹنی یو نوچ موجود ہے جبکہ فنگر پرنٹ اسکینر بیک پر دیا گیا ہے۔

اس کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل سنسر سے لیس ہے جبکہ 5 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل اور 5 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا دیا گیا ہے۔

فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا موجود ہے جبکہ کمپنی نے اپنے ون یو آئی کا امتزاج اینڈرائیڈ 9 آپریٹنگ سسٹم سے کیا ہے۔

گلیکسی ایم 30 کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن 200 ڈالرز (31 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 240 ڈالرز (37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

تاہم اس کی پاکستان آمد کب تک ہوگی، کچھ کہنا مشکل ہے کیونکہ گلیکسی ایم سیریز کے گزشتہ سال کے ماڈلز بھی تاحال پاکستان میں باضابطہ طور فروخت کے لیے پیش نہیں کیے گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں