اس موبائل گیم نے ماضی میں سامنے آئے تمام گیمز کا ریکارڈ توڑ دیا

10 اکتوبر 2019
کال آف ڈیوٹی موبائل گیم کی ایک جھلک — فوٹو/ اسکرین شاٹ
کال آف ڈیوٹی موبائل گیم کی ایک جھلک — فوٹو/ اسکرین شاٹ

کال آف ڈیوٹی موبائل ویڈیو گیم رواں ماہ لانچ ہوا تھا، جس نے اب تک سامنے آئے تمام موبائل ویڈیو گیمز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق یکم اکتوبر کو سامنے آنے والے اس موبائل ویڈیو گیم کو ایک ہفتے میں 10 کروڑ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اس کے ساتھ ہی کال آف ڈیوٹی کو تاریخ کا سب سے مقبول گیم مانا جارہا ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ ماریو کارٹ ٹؤور موبائل ویڈیو گیم کے پاس تھا جو رواں سال ستمبر میں لانچ کیا گیا۔

ماریو کارٹ ٹؤور
ماریو کارٹ ٹؤور

اس گیم کو لانچ کے ایک ہفتے میں 9 کروڑ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔

دوسرے مقبول موبائل گیمز میں پب جی موبائل (PUBG) اور فورٹ نائٹ شامل ہیں، جب پب جی گزشتہ سال لانچ ہوا تو اسے صرف ایک ہفتے میں 2 کروڑ 80 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا جبکہ فورٹ نائٹ کو لانچ کے بعد 7 روز میں 2 کروڑ 25 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔

پب جی موبائل گیم
پب جی موبائل گیم

کال آف ڈیوٹی موبائل گیم کو آئی او ایس کے ذریعے آئی فونز میں 5 کروڑ 70 لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لانچ کے تین روز میں ہی یہ گیم 100 سے زائد ممالک میں آئی او ایس ایپ چارٹس میں ٹاپ سب سے مقبول رہا۔

خیال رہے کہ کال آف ڈیوٹی ویڈیو گیم 2003 میں ایکٹیویژن نامی کمپنی کی جانب سے پبلش کیا گیا تھا۔

فورٹ نائٹ
فورٹ نائٹ

اس شوٹر ویڈیو گیم کا آخری حصہ گزشتہ سال اکتوبر میں سامنے آیا تھا۔

اس سے قبل کال آف ڈیوٹی موبائل گیم کو رواں سال مارچ میں لانچ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بعدازاں اس کی لانچنگ کو مؤخر کرکے اسے اکتوبر میں ہی لانچ کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اب تک اس گیم نے ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیے جانے پر 91 لاکھ ڈالر کمائے جبکہ اینڈرائڈ صارفین کی جانب سے ڈاؤن لوڈ پر اس گیم نے 83 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔

گیم کے اس حد تک مقبل ہونے کے باعث کئی صارفین نے ڈاؤن لوڈنگ میں مسائل کی شکایت بھی درج کروائی۔

تبصرے (0) بند ہیں