سوشل میڈیا کے اس دور میں کب، کون، کس وجہ سے ہیرو بن جائے اس کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا۔

ایسا ہی کچھ قصہ پاکستان میں بھی گزشتہ 2 دن تک سوشل میڈیا پر جاری رہا اور ٹوئٹر استعمال کرنے والے لوگ ’عثمان‘ کا ٹرینڈ ٹاپ میں دیکھ کر حیران رہ گئے۔

دو دن قبل 12 اکتوبر سے ٹوئٹر پر اچانک شروع ہونے والا ’عثمان‘ کا ٹرینڈ 13 اکتوبر تک پاکستان کے 5 بڑے ٹرینڈز میں شامل رہا اور کئی لوگ اس بات سے بے خبر رہے کہ یہ ٹرینڈ والا ’عثمان‘ کون ہے۔

ایک موقع پر ’عثمان‘ کے ٹرینڈ میں 8 ہزار سے زائد ٹوئٹس ہوگئیں اور کئی لوگ اس ٹرینڈ کو دیکھنے اور سمجھنے میں پر مجبور ہوئے، تاہم پھر بھی کئی لوگوں کو ابھی تک یہ معلوم نہیں چل پا رہا کہ آخر ’یہ عثمان اور کومل کا کیا چکر ہے؟'

’عثمان‘ کا ٹرینڈ دراصل اس وقت اچانک اوپر آیا جب کومل شاہد نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ایک عام سی ٹوئٹ کی گئی، جس میں یہ بتایا گیا کہ ان کے دوست عثمان نے ان کے لیے کھانے کی بہت ساری چیزیں بھجوائیں۔

کومل شاہد نامی لڑکی نے 12 اکتوبر کی رات دیر گئے ٹوئٹ کی کہ انہوں نے اپنے دوست عثمان کو کہا کہ انہیں بھوک لگی ہے اور انہیں کچھ کھانا ہے اور پھر ان کے دوست کومل کے لیے کھانے کی بہت ساری چیزیں لے آئے۔

کومل شاہد نے عثمان کی جانب سے لائے گئے بسکٹ اور میٹھی غذا کی تصویر بھی شیئر کی۔

کومل شاہد کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانے کے بعد میمز بنانے کے ماہر لوگوں نے ان کی ٹوئٹ کو لے کر ایسی ایسی ٹوئٹس کیں کہ ’عثمان‘ کا ٹرینڈ سب سے اوپر آگیا اور لوگ حیران رہ گئے کہ یہ ’عثمان‘ کون ہے۔

کومل شاہد کی اسی ٹوئٹ کو 400 کے قریب مرتبہ ری ٹوئٹ کیا جب کہ اسے ڈھائی ہزار کے قریب پسند کیا گیا اور اس پر درجنوں افراد نے کمنٹس کیے اور ہر کسی نے ’عثمان‘ کو مشہور کرنے میں اپنا اپنا حصہ ڈالا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’عثمان‘ کا ٹرینڈ ٹاپ بننے کے باوجود ’عثمان‘ خود سامنے نہیں آیا اور ٹوئٹر صارفین یہ جان نہ سکے کہ وہ خوش قسمت عثمان کون ہے؟

ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بننے کے باوجود جن لوگوں کو ’عثمان‘ کے قصے کی سمجھ نہ آئی، ان لوگوں کے لیے بھی کچھ ٹوئٹر صارفین نے ٹوئٹس کیں اور کہا کہ جن افراد کو ’عثمان اور کومل‘ کا پتہ نہیں ایسے افراد کے لیے 10 منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے۔

کچھ لڑکیوں نے تو عثمان کو مخاطب ہوتے لکھا کہ وہ ان کی بھوک مٹانے کے لیے بھی انہیں کھانے کو کچھ بھجوادے۔

ایک صارف نے تو وزیر اعظم کو مخاطب ہوتے ہوئے انہیں بتایا کہ نیا پاکستان اس وقت ہی بنے گا جب ملک میں لڑکی کو عثمان میسر ہوگا۔

جیسے جیسے صارفین کو ’عثمان‘ کے ٹرینڈ کا پتہ چلنے لگا، ویسے ویسے صارفین اس ٹرینڈ میں شامل ہونے کے لیے مزاحیہ میمز شیئر کرنے لگے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں