بھارتی فضائیہ کے افسران کا اپنا ہی ہیلی کاپٹر گرانے پر کورٹ مارشل

15 اکتوبر 2019
بھارتی فضائیہ کا تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر — فائل فوٹو / اے ایف پی
بھارتی فضائیہ کا تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر — فائل فوٹو / اے ایف پی

بھارتی فضائیہ کے 2 افسران کو 27 فروری کو اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے پر کورٹ مارشل کا سامنا کرنا ہوگا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے والے بھارتی فضائیہ کے 2 افسران کے کورٹ مارشل کی کارروائی کا جلد آغاز ہوگا۔

رپورٹ میں پیشرفت سے باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا کہ ان دو افسران کے علاوہ بھارتی فضائیہ کے مزید 4 افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو بھارتی فضائیہ کے سربراہ راکیش کمار سنگھ بھدوریا نے 27 فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر دورانیے کی فضائی جھڑپ کے دوران غلطی سے اپنا ہی ہیلی کاپٹر 'ایم آئی-17' گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے 'بڑی غلطی' قرار دیا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ ہماری غلطی ہے کیونکہ ہمارے اپنے ہی میزائل نے چوپر کو مار گرایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تحقیقات مکمل کر لی ہیں اور دو افسران کے خلاف کارروائی کریں گے، ہم اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں اور کوشش کریں گے کہ مستقبل میں ایسی غلطیاں نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساتھ جھڑپ میں بھارتی ہیلی کاپٹر اسرائیلی میزائل سے تباہ ہوا؟

ایم آئی 17 سری نگر کے علاقے بڈگام میں تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے 6 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

اگست میں کی گئی تحقیقات کے نتائج کے مطابق 27 فروری کو بھارتی فضائیہ کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نے ایم آئی 17 کو مار گرایا تھا۔

بھارت نے ہیلی کاپٹر گرنے کی تصدیق کی تھی لیکن سرکاری بیان میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا جبکہ پاک فضائیہ نے نوشہرہ میں بھارت کے ساتھ فضائی جھڑپ کی تصدیق کی تھی لیکن ساتھ ساتھ واضح کیا تھا کہ ان کے طیاروں کا چوپر کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں