27 اکتوبر کو شروع ہونے والے 33ویں نیشنل گیمز ملتوی

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2019
33ویں نیشنل گیمز  کی ٹارچ کو گزشتہ اتوار کو لانچ کیا گیا تھا— فائل فوٹو: ڈان
33ویں نیشنل گیمز کی ٹارچ کو گزشتہ اتوار کو لانچ کیا گیا تھا— فائل فوٹو: ڈان

پشاور میں 27 اکتوبر سے منعقد ہونے والے 33ویں نیشنل گیمز ملتوی کر دیے گئے اور اب نیشنل گیمز 9 نومبر سے 14 نومبر کے درمیان ہوں گے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو منعقد ہونے والے نیشنل گیمز ملتوی کردیے گئے ہیں اور اب نیشنل گیمز 9 نومبر سے 14 نومبر کے درمیان ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا ایونٹ ہونے جارہا تھا اور حکومت چاہتی ہے کہ اس کو پرامن طریقے سے منعقد کیا جائے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن آزادی مارچ بھی کرنے جا رہے ہیں تو حکومت نے نیشنل گیمز کے نومبر میں انعقاد کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ دھرنا دینے جارہے ہیں جس کا کوئی جواز نہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑی پرامن ماحول میں گیمز میں حصہ لیں۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے نیشنل گیمز کے التوا کی تجویز دی جس کے بعد ایپکس کمیٹی نے گیمز کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلے سے متعلق اولمپک ایسوسی ایشن سے بات ہو چکی ہے۔

ادھر اسلام آباد کی فیصل مسجد کے نزدیک نیشنل گیمز کی مشعل منتقلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کے ایتھلیٹس نے مشعل تھامے فیصل مسجد سے فیصل چوک تک کا سفر طے کیا اور پاکستان آرمی کے ایتھلیٹس کو مشعل منتقل کی۔

تقریب کے دوران کمانڈر نارتھ کموڈور حامد حسین نے پاک فضائیہ کے ایتھلیٹ سے مشعل وصول کی اور پاک بحریہ کے سابق اولمپیئن محمد اکرم کے حوالے کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں کمانڈر نارتھ نے قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

نیشنل گیمز پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے زیر نگرانی منعقد ہونے والے اعلیٰ ترین کھیلوں کے مقابلے ہیں اور ان کھیلوں میں پاک بحریہ کا 290 ایتھلیٹس پر مشتمل دستہ شرکت کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں