'دنیا کے خاتمے' کے منتظر 9 سال سے تہہ خانے میں قید خاندان بازیاب

15 اکتوبر 2019
اس فارم کے تہہ خانے میں وہ خاندان 9 سال سے موجود تھا — اے ایف پی فوٹو
اس فارم کے تہہ خانے میں وہ خاندان 9 سال سے موجود تھا — اے ایف پی فوٹو

نیدرلینڈ میں ایک شخص اور اس کے 6 نوجوان بچوں کو ایک دیہی فارم سے نکال لیا گیا جہاں وہ 9 سال سے تہہ خانے میں دنیا کے خاتمے کا انتظار کررہے تھے۔

ٹیلیگراف کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کی ترجمان نتالی سکیوبرٹ نے تصدیق کی کہ ڈچ صوبے درینتے کے ایک گاﺅں Ruinerwold میں واقع فارم سے ایک 58 سالہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ برسوں سے تہہ خانے میں بند 6 بچوں کو بھی بازیاب کیا گیا۔

انہوں نے ان کے تعلق یا حالت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا اور بس یہ کہا کہ انہیں ایک محفوظ مقام پر منتقل کردی گیا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ دنوں ایک 25 سالہ نوجوان مقامی بار میں پہنچا جو بہت الجھن کا شکار نظر آرہا تھا۔

اس کیفے کے مالک نے میڈیا کو بتایا 'پہلی بار جب میں نے اسے دیکھا تو میں نے اسے نکال دیا مگر چند دن بعد وہ پھر واپس آیا، گزشتہ ہفتے وہ آیا اور مشروب کا آرڈر دیا، مگر ہم بار بند کررہے تھے۔ اتوار کو جب وہ آیا تو میں نے اس سے بات کی، اس نوجوان نے بتایا کہ وہ بھاگ کر آیا ہے اور اسے مدد کی ضرورت ہے، جس پر ہم نے پولیس سے رابطہ کیا'۔

ان کے بقول وہ نوجوان بچوں کی طرح بات کررہا تھا، اس کے بال بہت لمبے اور داڑھی گردآلود تھی، کپڑے پرانے تھے اور اس کا کہنا تھا کہ وہ 9 سال تک اندر بند رہا۔

اس نوجوان نے انہیں بتایا 'اس نوجوان کا کہنا تھا کہ اس کے بہن بھائی فارم میں مقیم ہیں، وہ سب سے بڑا ہے اور وہ چاہتا تھا کہ وہ اس جگہ سے نکلیں'۔

رپورٹس کے مطابق ان بچوں کا باہری دنیا سے رابطہ برسوں سے منقطع تھا اور وہ ایک سبزی کے باغ میں متعدد جانوروں کے ساتھ رہ رہے تھے۔

58 سالہ شخص بستر پر بیمار پڑا تھا کیونکہ وہ برسوں پہلے فالج کا شکار ہوچکا تھا جبکہ بچوں کا باہری دنیا سے کوئی رابطہ نہیں تھا، یہاں تک کہ پڑوسیوں کو ان کی موجودگی کا ہی علم نہیں تھا۔

یہ فارم درختوں کے پیچھے چھپا ہوا تھا اور شاہراہ سے اسے دیکھنا مشکل تھا۔

اس گاﺅں کے میئر روجر ڈی گروٹ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان 6 بچوں کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان تھیں جبکہ جس شخص کو حراست میں لیا گیا ہے وہ ان کا باپ نہیں تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کی ماں 9 سال پہلے اس فارم ہاﺅس میں منتقل ہونے سے پہلے مرچکی تھی اور کچھ بچوں کی حکومتی رجسٹریشن بھی نہیں ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا 'میں سمجھ سکتا ہوں کہ ابھی متعدد سوالات کے جوابات ڈھونڈنا باقی ہے، پولیس متعدد منظرنامے سامنے رکھ کر تحقیقات کررہی ہے اور اس وقت ہم مزید تفصیلات نہیں شیئر کرسکتے، ابھی ہم اس خاندان کی دیکھ بھال پر توجہ دے رہے ہیں'۔

ٹوئٹر پر مقامی پولیس نے بتایا کہ وہ اس صورتحال کی تحقیقات کررہی ہے جبکہ فارم ہاﺅس کی فارنسک جانچ پڑتال کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں