ایک وقت تھا جب لوگوں کو مچھلی کھانا بےحد پسند تھا، تاہم آج کل مچھلی کے بجائے چکن، بیف اور مٹن کے گوشت کو زیادہ پسند کیا جانے لگا ہے۔

ماضی میں مچھلی بیچنے والے دکاندار گلیوں میں ٹھیلے لےکر گھوما کرتے تھے لیکن اب ایسا ہونا بھی کم ہوگیا ہے۔

بازاروں میں بھی مچھلی سے زیادہ چکن کو پسند کیا جاتا ہے، جبکہ بڑھتی مہنگائی کے باعث لوگوں نے مچھلی خریدنا کم سے کم کردیا ہے۔

مچھلی کم بنانے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بہت سے لوگوں کو مچھلی پکانا مشکل لگتا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ بڑے بڑے ریسٹورنٹ میں جاکر مچھلی تو کھائی جاتی ہے تاہم گھر میں پکانا مشکل سمجھا جاتا ہے۔

یہاں مچھلی پکانے کی نہایت مزیدار ترکیب بیان کررہے ہیں، اس کو اپنے باورچی خانے میں بھی ضرور آزمائیں۔

اجزاء:

چھ سے آٹھ افراد کے لئے

مچھلی- ایک پاؤنڈ چھ سے آٹھ پیس

مصالحے میرینیڈ کے لئے:

لال مرچ پاؤڈر - ایک چاۓ کا چمچ

کٹی ہوئی لال مرچ - آدھا چمچ

کٹا ہوا زیرہ - ایک چاۓ کا چمچ

گرم مصالحہ - آدھا چاۓ کا چمچ

کٹا ہوا ثابت دھنیہ - ایک چاۓ کا چمچ

اجوائن - آدھی چمچ

کٹا ہوا اناردانہ - ایک چاۓ کا چمچ

لیموں کا رس - دو سے تین کھانے کے چمچ

کٹا ہوا لہسن - ایک چاۓ کا چمچ

کٹا ہوا ادرک - ایک چاۓ کا چمچ

نمک - حسب ذائقہ

ہری مرچ - ایک چاۓ کا چمچ

بیٹر کے لئے اجزاء

بیسن - ایک کپ

چاول کا آٹا - تین کھانے کے چمچ

ہلدی - آدھی چمچ

لال مرچ پاؤڈر - آدھی چمچ

بیکنگ پاؤڈر - آدھی چمچ

کٹا ہوا لہسن - ایک چاۓ کا چمچ

انڈا - ایک عدد

کھانے کا تیل - تین کھانے کے چمچ

ٹھنڈا پانی - ڈیڑھ سے ڈھائی مگ، بیٹر کو پکوڑے کے مرکب جتنا پتلا رکھنا ہے

کھانے کا رنگ

نمک - حسب ذائقہ

ترکیب:

مچھلی کو دھو کر خشک کرلیں اور اس میں مصالحہ جات ملا کر چھ سے آٹھ گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔

ٹھنڈا پانی ملا کر بیٹر بنائیں اور اب اس میں مچھلی کو ڈبو دیں۔

پھر ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں اور مچھلی کے پیس دس منٹ تک تلیں، پھر کسی پیپر ٹاول پر نکال لیں اور نارمل درجہ حرارت تک ٹھنڈا ہونے دیں۔

تیل دوبارہ گرم کریں اور مچھلی کو ایک بار پھر دو سے تین منٹ تک تلیں، تیل سے نکال کر گرم گرم املی یا ہری چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

iftikhar ahmed Oct 21, 2019 01:04pm
Sab se Mushkil kaam... 6 se 8 Ganty Fridge me Rakhna Nahi hota byi itna Sabar :(