جب لال بیگوں کے خاندان نے ایک شخص کے کان میں گھر بنالیا

07 نومبر 2019
کان میں موجود لال بیگ — فوٹو بشکریہ فاکس نیوز
کان میں موجود لال بیگ — فوٹو بشکریہ فاکس نیوز

کان میں درد کا سامنا تو اکثر افراد کو ہوتا ہے مگر چین میں ایک شخص کو اس تکلیف کاسامنا جس وجہ سے ہوا وہ اکثر لوگوں کی نیندیں اڑانے کے لیے کافی ہے۔

فاکس نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق لو نامی شخص ایک صبح کان کے شدید درد کے ساتھ بیدار ہوا جبکہ اسے مسلسل خارش بھی ہورہی تھی۔

اور جب اس نے خاندان کے افراد سے کہا کہ کان کے اندر روشنی ڈال کر دیکھیں تو بھیانک خواب جیسی وجہ دریافت ہوئی، ایک بڑا لال بیگ کان کے اندر رہ رہا تھا۔

اس دریافت نے مریض کے ہوش اڑا دیئے اور اس نے کان میں رہنے والے اس کیڑے سے نجات کے لیے طبی امداد لینے کا فیصلہ کیا۔

مگر ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد جو مزید حقائق دریافت کیے، اس نے ان کو بھی دنگ کرکے رکھ دیا۔

درحقیقت کان میں ایک لال بیگ نہیں تھا بلکہ ان کیڑوں کا پورا خاندان وہاں رہ رہا تھا کیونکہ ' 10 سے زائد بچے بھی یہاں وہاں دوڑ رہے تھے'۔

لو کا علاج کرنے والے ڈاکٹر زونگ یاجن نے نیویارک پوسٹ کو بتایا 'مریض کا کہنا تھا کہ اس کا کان بہت زیادہ تکلیف کررہا ہے، جیسے کوئی اندر سے کھرچ رہا ہو یا رینگ رہا ہو، جس سے وہ بہت زیادہ پریشان تھا'۔

انہوں نے بتایا 'مریض نے بتایا کہ اس کے گھروالوں نے روشنی سے اندر کچھ دیکھا جو کسی بڑے کیڑے جیسا تھا، ہم نے جب معائنہ کیا تو جو چیز سامنے آئی، اس نے دنگ کردیا کیونکہ کان کے اندر لال بیگ کے بچے اور ان کی ماں موجود تھے'۔

ڈاکٹر نے پہلے چمٹی سے 'بچوں' کو نکالا اور پھر ان کی 'ماں' کو بھی اسی طریقہ کار کی مدد سے نکال باہر کیا۔

فوٹو بشکریہ فاکس نیوز
فوٹو بشکریہ فاکس نیوز

اس چینی شخص کی حالت اب بہتر ہے اور اسے کلینک سے گھر جانے کی اجازت مل گئی ہے۔

ڈاکٹر کے خیال میں یہ شخص ممکنہ طور پر بچا ہوا کھانا اپنے سونے کے مقام کے قریب چھوڑ دیتا ہوگا، جس کے نتیجے میں لال بیگ اس کے کان میں داخل ہوئے اور اسے اس مسئلے کا سامنا ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں