سام سنگ گلیکسی ایس 11 پانچ ورژن میں متعارف کرائے جانے کا امکان

11 نومبر 2019
گلیکسی ایس 11 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
گلیکسی ایس 11 کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 11 کو 5 مختلف ورژن میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

جنوبی کورین کمپنی کا نیا فون تو فروری 2020 تک متعارف ہوگا مگر اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے اور اب ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے اس حوالے سے کچھ تفصیلات بتائی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گلیکسی ایس 11 تین اسکرین سائز میں دستیاب ہوگا، جن میں سے ایک 6.2 یا 6.4 انچ ڈسپلے سے لیس ہوگا، دوسرا 6.7 اور تیسرا 6.9 انچ ڈسپلے والا فون ہوگا۔

یہ گلیکسی ایس 10 کے مقابلے میں کافی بڑا ہوگا جس کے تینوں ورژن 6.1 انچ(گلیکسی ایس 10)، 6.4 انچ (گلیکسی ایس 10 پلس) اور 6.7 انچ (ایس 10 فائیو جی) اسکرین کے ساتھ تھے جبکہ گلیکسی ایس 10 ای کا ڈسپلے 5.8 انچ کا تھا۔

یہ واضح نہیں کہ نئے ماڈلز کے نام کیا ہوں گے مگر ایون بلاس کے مطابق یہ تینوں 5 جی اور ایل ٹی ای ورژن میں دستیاب ہوں گے اور 6.9 انچ کا ماڈل صرف فائیو جی کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔

اس کا آسان مطلب یہ ہے کہ مجموعی طور پر سام سنگ کی جانب سے 5 ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے جو کہ گلیکسی ایس سیریز میں پہلی بار ہوگا۔

یہ تمام فونز ختم ایج ڈسپلے سے لیس ہوں گے جو کہ فروری کے وسط یا آخری عشرے میں موبائل ورلڈ کانگریس سے کچھ دن پہلے متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

اس سے پہلے یہ لیک سامنے آئی تھی کہ سام سنگ کا یہ نیا فلیگ شپ فون 108 میگا پکسل کیمرے سے لیس ہوگا جبکہ یہ کمپنی کا پہلا فون ہوگا جس میں 5 ایکس آپٹیکل زوم دیا جائے گا۔

مختلف رپورٹس کے مطابق گلیکسی ایس 11 کے بیک پر 4 کیمرے دیئے جائیں گے جن میں ایک تھری ڈی سنسنگ ٹی او ایف موڈیول بھی ہوسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں