ڈپریشن کے شکار افراد کے لیے ماہرہ خان کا جذباتی پیغام

14 نومبر 2019
ماہرہ خان کا شمار پاکستان کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ اسکرین شاٹ
ماہرہ خان کا شمار پاکستان کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے سوشل میڈیا پر ہمیشہ ہی فعال رہتی ہیں، جبکہ اپنی تصاویر اور متعدد پوسٹ کے ذریعے مثبت پیغامات دینے کی بھی کوشش کرتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان افراد کے لیے ایک پوسٹ شیئر کی جو ڈپریشن یا کسی ذہنی مسائل کا شکار ہیں۔

ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'میں بس اتنا یاد دلانا چاہتی ہوں کہ ڈپریشن آپ سے بہت چھوٹا ہے، چاہے یہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ لگے، یہ آپ کے اندر بڑھتا ہے، آپ اس کے اندر نہیں بڑھتے، یہ بالکل ایسا ہوسکتا ہے جیسے ایک سیاہ بادل آسمان پر سامنے آجائے، اگر ڈپریشن وہ سیاہ بادل ہے تو آپ آسمان ہیں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'آپ اس سے پہلے یہاں تھے، سیاہ بادل آسمان کے بغیر باقی نہیں رہ سکتا، لیکن آسمان سیاہ بادل کے بغیر ضرور رہ سکتا ہے'۔

مزید پڑھیں: ڈپریشن کے بارے میں لوگوں میں پائی جانے والی غلط فہمیاں اور توہمات

یاد رہے کہ ماہرہ خان اس سے قبل بھی ذہنی صحت پر کھل کر بات کرچکی ہیں۔

گزشتہ سال اداکارہ نے اس وقت سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث کا آغاز کیا جب لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان لڑکی نے ڈپریشن میں آکر اپنی جان لے لی۔

اس وقت اداکارہ نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ 'ہم کب ذہنی صحت کو اہمیت دینا شروع کریں گے؟ کب ہم لوگوں کا مذاق بنانا بند کریں گے اور انہیں پاگل کہنا بند کریں گے؟ ہمارے اسکولز میں کاؤنسلرز کی ضرورت ہے، صرف بچوں کے لیے ہی نہیں بلکہ والدین اور ٹیچرز کے لیے بھی'۔

کام کے حوالے سے بات کی جائے تو ماہرہ خان کی آخری ریلیز فلم 'سپراسٹار' کو باکس آفس اور شائقین کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا۔

اس فلم میں اداکارہ کے ہمراہ بلال اشرف نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

ماہرہ خان کی اگلی فلم 'لیجنڈز آف مولا جٹ' میں وہ فواد خان، حمزہ علی عباسی اور حمیمہ ملک کے ہمراہ کام کرتی نظر آئیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں