’والدہ‘ ہونے کی بات چھپانے پر مس یوکرین سے اعزاز واپس لے لیا گیا

اپ ڈیٹ 05 دسمبر 2019
دوشیزہ سے اعزاز واپس لے لیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
دوشیزہ سے اعزاز واپس لے لیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

یورپی ملک یوکرین میں 2018 میں ’مس یوکرین‘ کا اعزاز حاصل کرنے والی 24 سالہ دوشیزہ ویرونیکا ددوسنکو سے جھوٹ بولنے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر اعزاز واپس لے لیا گیا۔

ویرونیکا ددوسنکو گزشتہ برس یوکرین کی سب سے خوبصورت لڑکی قرار پائی تھیں اور وہ ایک سال تک ’مس یوکرین‘ رہیں۔

ویرونیکا ددوسنکو ’مس یوکرین‘ منتخب ہونے کے بعد فلاحی منصوبوں میں مصروف ہوگئیں اور انہوں نے ملک بھر میں کافی شہرت بھی حاصل کی۔

ویرونیکا ددوسنکو 2018 میں حسینہ منتخب ہوئی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
ویرونیکا ددوسنکو 2018 میں حسینہ منتخب ہوئی تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

ویرونیکا ددوسنکو کو مس یوکرین منتخب ہونے کے بعد عالمی سطح کے مقابلے حسن کے لیے بھیجا گیا، تاہم ’مس ورلڈ‘ کا عالمی مقابلہ حسن شروع ہونے سے قبل ہی انتظامیہ کو علم ہوا کہ وہ ایک بچے کی والدہ ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق مس ورلڈ کا انعقاد کرنے والی انتطامیہ کو جب معلوم ہوا کہ 24 سالہ ویرونیکا ددوسنکو 5 سالہ بچے کی والدہ ہیں تو انہوں نے مس یوکرین منتظمین کو آگاہ کیا۔

مس یوکرین کا مقابلہ منعقد کرنے والے منتظمین نے تفتیش کے بعد ویرونیکا ددوسنکو کو ایک 5 سالہ بچے کی والدہ قرار دیا۔

حسینہ نے اعتراف کیا کہ انہیں پالیسی کا علم تھا لیکن پھر بھی انہوں نے مقابلے میں حصہ لیا—فوٹو: انسٹاگرام
حسینہ نے اعتراف کیا کہ انہیں پالیسی کا علم تھا لیکن پھر بھی انہوں نے مقابلے میں حصہ لیا—فوٹو: انسٹاگرام

بچے کی والدہ ہونے کی بات چھپانے کے جرم میں ’مس یوکرین‘ کی انتظامیہ نے ویرونیکا ددوسنکو سے اعزاز واپس لے لیا، جس کے بعد انہیں ’مس ورلڈ‘ کے مقابلے کے لیے بھی نااہل قرار دے دیا گیا۔

تنظیم کی جانب سے اعزاز واپس لیے جانے کے بعد ویرونیکا ددوسنکو نے تنظیم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ ’مس ورلڈ‘ کے مقابلے میں صرف وہی دوشیزہ حصہ لے سکتی ہے جو اپنے ملک کی سب سے حسین لڑکی منتخب ہوئی ہے اور اس کا انٹری اس کے ملک میں حسن کے مقابلے کا انعقاد کرنے والی تنظیم بھیجتی ہے۔

’مس ورلڈ‘ کے 1951 میں بنائے گئے ضوابط و اصولوں کے مطابق مقابلہ حسن میں حصہ لینے والی لڑکی کا غیر شادی شدہ ہونا اور کسی طرح بھی بچے کی والدہ ہونا ممنوع ہے۔

حسینہ نے مس ورلڈ اور مس یوکرین انتظامیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے نامور وکیل کی خدمات حاصل کرلیں—فوٹو: انسٹاگرام
حسینہ نے مس ورلڈ اور مس یوکرین انتظامیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے نامور وکیل کی خدمات حاصل کرلیں—فوٹو: انسٹاگرام

مس ورلڈ کی طرح مس یوکرین سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے حسن کے مقابلوں کے بھی یہی ضوابط ہیں اور کسی بھی شادی شدہ یا بچے کو جنم دینے والی خاتون کو مقابلے کے لیے اہل قرار نہیں دیا جاتا۔

اگر کوئی خاتون شادی اور بچے کے جنم کو خفیہ رکھیں گی تو اس کا انکشاف ہونے پر ان سے اعزاز واپس لے لیا جاتا ہے، چاہے انہیں مقابلہ جیتے ہوئے کئی سال کیوں نہ گزر چکے ہوں۔

اعزاز واپس لیے جانے کو ویرونیکا نے اپنی تضحیک قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام
اعزاز واپس لیے جانے کو ویرونیکا نے اپنی تضحیک قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام

اگرچہ مقابلہ حسن میں حصہ لینے والی لڑکیوں کا کنوارہ ہونا لازمی ہے، تاہم ان پر مقابلہ حسن میں حصہ لیتے وقت کسی کے ساتھ رومانوی تعلقات استوار کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی پابندی نہیں ہوتی۔

مذکورہ حسن کے مقابلوں میں خواتین کو خوبصورتی، جسمانی خدوخال، ذہانت، اسٹائل، فیشن اور معلومات عامہ کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا ہے۔

ویرونیکا کا ایک پانچ سالہ بیٹا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
ویرونیکا کا ایک پانچ سالہ بیٹا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں