کمپنی کی جانب سے 4 کروڑ روپے تک بونس ملنے پر ملازمین آبدیدہ ہوگئے

13 دسمبر 2019
کمپنی نے ہر ملازم کو تقریبا 78 لاکھ روپے بونس دیا—فوٹو: سی این این
کمپنی نے ہر ملازم کو تقریبا 78 لاکھ روپے بونس دیا—فوٹو: سی این این

امریکی ریاست میری لینڈ کی ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی نے اپنے ہر ملازم کو سالانہ بونس کی مد میں 50 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 78 لاکھ روپے کی رقم دے کر سب کو حیران کردیا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق میری لینڈ کی معروف اور شہرت یافتہ ریئل اسٹیٹ کمپنی ’سینٹ جان پراپرٹیز‘ نے ملازمین کو خطیر بونس دے کر حیران کردیا۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی نے گزشتہ 14 سال کے دوران ایک منفرد اعزاز حاصل کرنے کے بعد ملازمین میں خطیر بونس تقسیم کیا۔

کمپنی نے مجموعی طور پر 198 ملازمین میں ایک کروڑ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی۔

بعض ملازمین کو 78 لاکھ سے زائد بونس بھی ملا—فوٹو: سینٹ جان پراپرٹیز
بعض ملازمین کو 78 لاکھ سے زائد بونس بھی ملا—فوٹو: سینٹ جان پراپرٹیز

کمپنی نے اوسطا ہر ملازم کو 50 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 78 لاکھ روپے کے قریب بونس دیا، تاہم بعض ملازمین کو محض 100 ڈالر یعنی پاکستانی 15 ہزار روپے بونس دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جن ملازمین کو 100 ڈالر دیے گئے ان میں وہ چند ملازمین شامل ہیں جنہیں بونس کا اعلان کیے جانے سے محض ایک یا 2 دن قبل ہی نوکری کے لیے بھرتی کیا گیا تھا۔

جن ملازمین کو 100 ڈالر بونس دیا گیا تھا انہوں نے ایک دن کے لیے بھی کمپنی کا کام نہیں کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بعض ملازمین کو 2 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا سوا چار کروڑ روپے کا بونس بھی دیا گیا۔

بعض ملازمین کو 15 ہزار روپے تک بونس ملا—فوٹو: سینٹ جان پراپرٹیز
بعض ملازمین کو 15 ہزار روپے تک بونس ملا—فوٹو: سینٹ جان پراپرٹیز

بونس دینے کے لیے کمپنی کی جانب سے ایک عام تقریب رکھی گئی تھی جس میں تمام ملازمین کو مدعو کیا گیا تھا اور کسی کو پہلے سے اس بات کی آگاہی نہیں دی گئی تھی کہ تقریب میں ملازمین کو بونس دیا جائے گا۔

سال کے اختتام پر خطیر بونس ملنے پر کئی ملازمین آبدیدہ ہوگئے اور انہوں نے کمپنی کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔

بونس حاصل کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ بونس میں ملنے والی رقم سے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے سمیت اپنے گھر تعمیر کروائیں گے۔

چند ملازمین کو 4 کروڑ روپے تک بونس ملا—فوٹو: سینٹ جان پراپرٹیز
چند ملازمین کو 4 کروڑ روپے تک بونس ملا—فوٹو: سینٹ جان پراپرٹیز

تبصرے (0) بند ہیں