شاہی حیثیت سے دستبرداری: مادام تساؤ میوزم نے برطانوی شاہی جوڑے کے مجسمے ہٹادیے

اپ ڈیٹ 10 جنوری 2020
شاہی جوڑے کے مجسمے کو دوسری جگہ سجایا جائے گا، انتظامیہ—فوٹو: اے پی
شاہی جوڑے کے مجسمے کو دوسری جگہ سجایا جائے گا، انتظامیہ—فوٹو: اے پی

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے 9 جنوری 2020 کو شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

شاہی جوڑے نے اگرچہ شاہی حیثیت اور عہدوں سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم جوڑے نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے اپنی چیئرٹی ویب سائٹ ’سسیکس رائل‘ پر جاری بیان میں کہا تھا کہ وہ شاہی حثیت سے دستبرداری کے باوجود ملکہ برطانیہ اور شاہی محل کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

ساتھ ہی جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی نئی اور الگ شناخت بنانے کے لیے پر عزم ہیں اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے بھی نئے اقدامات اٹھائیں گے۔

شاہی جوڑے نے سسیکس رائل نامی کاروباری و فلاحی ادارہ بھی بنا رکھا ہے—فوٹو: سسیکس رائل
شاہی جوڑے نے سسیکس رائل نامی کاروباری و فلاحی ادارہ بھی بنا رکھا ہے—فوٹو: سسیکس رائل

جوڑے نے شمالی امریکا منتقل ہونے کا عندیہ بھی دیا تھا تاہم کہا تھا کہ وہ برطانیہ میں بھی رہیں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ شاہی جوڑا ممکنہ طور پر اپنا زیادہ وقت شمالی امریکا کے ملک کینیڈا میں گزارے گا تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان

شاہی جوڑے کی جانب سے شاہی حیثیت اور عہدوں سے علیحدگی کے اعلان کے بعد لندن کے معروف ’مادام تساؤ‘ میوزیم نے بھی جوڑے کے مجسمے ہٹادیے۔

ہیری اور میگھن مارکل کے مجسمے کو شاہی خاندان کے سیٹ سے الگ کردیا گیا—فوٹو: مادام تساؤ میوزیم
ہیری اور میگھن مارکل کے مجسمے کو شاہی خاندان کے سیٹ سے الگ کردیا گیا—فوٹو: مادام تساؤ میوزیم

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے بتایا کہ مادام تساؤ میوزیم انتظامیہ نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کا مجسمہ شاہی خاندان کے سیٹ سے الگ کردیا۔

مادام تساؤ لندن کے ترجمان نے کہا کہ اگرچہ شاہی جوڑے کا مجسمہ شاہی خاندان کے افراد والے سیکشن سے ہٹادیا گیا ہے تاہم جلد ہی ان کے مجسموں کو دوسری جگہ سجا دیا جائے گا۔

مادام تساؤ انتطامیہ نے بھی شاہی جوڑے کی جانب شاہی حیثیت چھوڑنے کے اعلان پر حیرانی ظاہر کی اور کہا کہ وہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کو میوزیم سے دور نہیں رکھ سکتے اور ان کے مجسموں کو جلد ہی دوسری جگہ سجادیا جائے گا۔

مادام تساؤ میوزیم نے ٹوئٹ کے ذریعے میوزیم کے اس حصے کی تصویر بھی شیئر کی جہاں شاہی خاندان کے افراد کے مجسمے سجائے گئے ہیں۔

نیویارک کے میوزیم سے بھی شاہی جوڑے کا مجسمہ شاہی خاندان کے حصے سے ہٹادیا گیا—فوٹو: رائٹرز
نیویارک کے میوزیم سے بھی شاہی جوڑے کا مجسمہ شاہی خاندان کے حصے سے ہٹادیا گیا—فوٹو: رائٹرز

مذکورہ حصے میں ملکہ برطانیہ کے ان کے شوہر، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کے ساتھ سجائے گئے مجسموں کو دیکھا جا سکتا ہے۔

اسی حصے میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کا مجسمہ بھی سجایا گیا تھا تاہم اب اسے وہاں سے ہٹادیا گیا۔

لندن کی طرح نیویارک کے مادام تساؤ میوزیم نے بھی شاہی جوڑے کو شاہی خاندان کے سیٹ سے الگ کردیا ہے اور کہا ہے کہ جلد ہی ان کے مجسمے کو دوسری جگہ سجا دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مادام تساؤ میوزیم میں شہزادہ ہیری کا مجسمہ شاہی خاندان کے افراد کے ساتھ پہلے ہی رکھا گیا تھا تاہم میگھن مارکل کا مجسمہ 2019 میں اس وقت سجایا گیا تھا جب انہوں نے مئی میں شہزادے سے شادی کی تھی۔

لندن اور نیویارک کے میوزیم میں سجائے گئے میگھن مارکل کے مجسموں پر تقریبا 3 لاکھ امریکی ڈالر کا خرچ آیا تھا۔

میگھن مارکل اور ہیری نے مئی 2019 میں شادی کی تھی——فوٹو: رائٹرز
میگھن مارکل اور ہیری نے مئی 2019 میں شادی کی تھی——فوٹو: رائٹرز

تبصرے (0) بند ہیں