سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھارت سے شکست

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2020
بھارت نے سیریز 0-2 سے  جیت لی — فوٹو: اے ایف پی
بھارت نے سیریز 0-2 سے جیت لی — فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے سری لنکا کو 3 میچوں کی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں 78 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔

بھارت کے شہر پونے میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کے کپتان لاستھ ملینگا نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

شیکھر دھون اور راہول نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا اور اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 52 اور 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی20ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی میرا ہدف ہے، حارث رؤف

سری لنکا کے سینڈیکان نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا لیکن دیگر باؤلرز ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہے اور بھارت کے بلے بازوں نے مقررہ اوورز میں ایک بڑا اسکور بنالیا۔

کپتان ویرات کوہلی 26 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئےتاہم منیش پانڈے نے ناقابل شکست 31 رنز بنائے اور شردل ٹھاکر نے آؤٹ ہوئے بغیر 8 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز بنائے۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 201 رنز بناکر مہمان ٹیم کو ایک مشکل ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب سے سینڈیکا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، کمارا اور ڈی سلوا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مشکل ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی 4 وکٹیں صرف 26 رنز پر گر چکی تھیں تاہم پانچویں وکٹ میں اینجیلو میتھیوز اور دھنانجیا ڈی سلوا نے اسکور کو 96 رنز تک پہنچایا لیکن واشنگٹن سندر نے میتھیوز کو آؤٹ کردیا۔

میتھوز 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شناکا بھی صرف 9 رنز کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوئے جبکہ ڈی سلوا نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 36 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھیں:عرفان پٹھان کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

سری لنکا کی جانب سے میتھوز اور ڈی سلوا دو ہی بلے باز تھے جو دوہرے ہندسے کو عبور کرپائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں فرنانڈو اور شناکا 9،9 رنز بنا سکے۔

سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کی پوری ٹیم 16ویں اوور میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور78 رنز سے شکست کھا کر سیریز کو برابر کرنے کا قیمتی موقع گنوا دیا۔

بھارت کی جانب سے سینی نے سب سے زیادہ 3، ٹھاکر اور سندر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور دوسرے میچ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد تیسرے میچ میں سری لنکا کے پاس جیت کے ساتھ سیریز برابر کرنے کا موقع تھا لیکن بھارت نے میچ اور سیریز دونوں اپنے نام کی۔

ٹھاکر کو میچ اور ناؤدیپ سینی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں