برف میں پھنسے مسافروں کی مدد: وزیراعظم کا بلوچستان کے نواجون کو خراج تحسین

اپ ڈیٹ 18 جنوری 2020
برف باری اور بارش میں حادثات کے دوران کم از کم 14 افراد مرچکے ہیں—بشکریہ پی ٹی آئی
برف باری اور بارش میں حادثات کے دوران کم از کم 14 افراد مرچکے ہیں—بشکریہ پی ٹی آئی

وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں برف میں پھنسے تقریبا 100 افراد کو بچانے والے 30 سالہ سلیمان خان کی ہمت اور بے لوث خدمات' کی تعریف کی ہے۔

عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا کہ 'پوری قوم سلیمان خان پر فخر کرتی ہے جنہوں نے برف میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے بڑی ہمت اور بے لوث خدمات کا مظاہرہ کیا'۔

وزیر اعظم نے 16 جنوری کو دی نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ بھی شیئر کی جس کے مطابق سلیمان خان نے نہ صرف برف میں پھنسے مسافروں کو بچایا بلکہ کوئٹہ کے قریب واقع قصبہ کچلاک میں اپنے گھر پر کھانا، پانی اور رہائش بھی فراہم کی۔

رپورٹ کے مطابق سلیمان خان نے ان لوگوں کے لیے ایندھن بھی خریدا جن کی گاڑیوں میں پیٹرول ختم ہوگیا تھا۔

دوسری جانب حکومت بلوچستان نے کچلاک سے تعلق رکھنے والے سلیمان خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نوازا۔

— فوٹو: لیاقت شاہوانی ٹوئٹر
— فوٹو: لیاقت شاہوانی ٹوئٹر

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'طوفانی برفباری میں بلوچستان کے اس ہیرو سلیمان خان نے برف میں پھنسے متعدد لوگوں کو ریسکیو کیا تھا۔'

انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اس نوجوان کو مدعو کر کے ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی اور انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔'

واضح رہے کہ بلوچستان میں جاری شدید برف باری اور بارش میں حادثات کے دوران کم از کم 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کے بڑے حصے کا دنیا کے دیگر حصوں سے فضائی اور زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔

پاکستان اور افغانستان کو منسلک کرنے والے خوجک پاس پر شدید برف باری کے باعث کوئٹہ ۔ چمن شاہراہ پر بھی ٹریفک معطل ہوگیا تھا۔

چنانچہ پاک افغان سرحد کے دونوں اطراف سازو سامان سے لدی سیکڑوں گاڑیاں اور ٹرکس رک گئے جس کی وجہ سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بھی معطل ہوگئی۔

تبصرے (0) بند ہیں