تیسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم

20 جنوری 2020
ورنن فلینڈر 13 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں—فوٹو:اے پی
ورنن فلینڈر 13 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں—فوٹو:اے پی

انگلینڈ نے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کرلی جبکہ میزبان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے چیلنج کا سامنا ہے۔

پوورٹ ایلزبتھ میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 208 رنز بنائے تھے اور 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے لیکن دیگر بلے باز مزید مزاحمت کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم صرف ایک رن کا اضافہ کرکے آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے نوجوان باؤلر ڈوم بیس نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں، اسٹورٹ براڈ نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلی اننگز میں فالوآن کا شکار ہونے والی جنوبی افریقی ٹیم دوسری اننگز میں بھی مکمل طور ناکام دکھائی دی اور ابتدائی دو وکٹیں 22 رنز پر گریں اور تیسری وکٹ 44 رنز پر گری جب ملان آؤٹ ہوئے۔

پیٹر ملان 12، ڈین ایلگر 15 اور زبیر حمزہ صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے دوسری اننگز میں زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھے روز کے اختتام پر جنوبی افریقہ کی 4 وکٹیں حاصل کیں جس میں کپتان فاف ڈیوپلیسی، ڈوسن اور کوئنٹن ڈی کوک جیسے مایہ ناز بلے باز شامل تھے۔

تجربہ کار بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ورنن فلینڈر نے 13 رنز بنائے اور مہاراج نے 5 رنز بنا کر دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان 36 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے۔

پورٹ ایلزبتھ میں جب چوتھے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو جنوبی افریقہ کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 188 رنز درکار تھے اور ان کی محض 4 وکٹیں باقی ہیں۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے 4 اور ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کرلیں جبکہ جنوبی افریقہ کے 4 بلے باز نامکمل اننگز کو دوبارہ شروع کریں گے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انگلیںڈ کو 107 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی تھی جس کو انگلینڈ نے دوسرے میچ میں 189 رنز فتح حاصل کرکے برابر کرلیا تھا۔

انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے فیصلہ کن میچ کا فیصلہ آخری روز متوقع ہے جہاں جنوبی افریقہ پوزیشن مخدوش ہے جبکہ انگلینڈ کو سیریز اپنے نام کرنے کے لیے محض 4 وکٹیں درکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں